کانپور: شہر کے قلب میں واقع بکر منڈی ڈھال کمیلے کے کچھ حصے کو کچھ دن قبل انتظامیہ کے ذریعہ ناجائز قبضہ بتا کر گرا دیا گیا تھا جہاں تقریباً 40-50 خاندان بے گھر ہو گئے ہیں اور وہ فی الحال اسی جگہ عارضی طور پر ترپال وغیرہ ڈال کر گزارا کرر ہے ہیں۔ لوگوں کے گھر ٹوٹ جانے سے انہیں کھانے پینے کی دقت ہے جس کی اطلاع قاضیئ شہر حافظ و قاری عبد القدوس ہادی نائب صدر جمعیۃ علماء اتر پردیش کو ملی جن کی ہدایت پر آج شہری جمعیۃ علماء کانپور کے زیر اہتمام مولانا ابوبکر ہادی قاسمی اور ان کی ٹیم نے بکرمنڈی ڈھال کمیلے پہنچ کر معائنہ کیا اور فوری طور پر متاثرہ خاندان کی راحت رسانی کرتے ہوئے لوگوں کو چائے، دالموٹ، بسکٹ،پینے کا پانی اور دوپہر کے کھانے میں تہری وغیرہ تقسیم کیا، اشیائے خوردنوش میں بچوں سے لے کر بڑوں تک سبھی کا خاص خیال رکھا گیا۔ اس موقع پر اصلاح معاشرہ کمیٹی شہری جمعیۃ علمان کانپور کے کنوینر مولانا ابوبکر ہادی قاسمی نے بتایا کہ متاثرین کی ہر ممکن مدد کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، چونکہ ایسا وقت اور ایسے حالات کسی کے ساتھ بھی پیش آ سکتے ہیں لہٰذا ہمیں ایسے وقت میں ضرورتمندوں کی مدد کیلئے بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے اور اسی غرض سے ہماری تنظیم شہری جمعیۃ علماء کانپور نے یہ راحت رسانی مہم شروع کی ہے، اور انشاء اللہ اس کو آگے بھی جاری رکھنے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ شہر کے تمام ذمہ داران اور اہل خیر حضرات سے بھی گزارش ہے کہ وہ بھی ان ضرورتمندوں کی مدد کیلئے آگے آئیں۔ اس موقع پر مولاناابوبکر ہادی قاسمی کے علاوہ مولانا بیت اللہ ثاقبی، مولانا اعجاز ندوی، مولانا عمر ندوی، مولانا ضمیر ندوی، عبد اللہ اظہار، عبد الرحمن سمیت اراکین شہری جمعیۃ علماء کانپور موجود رہے۔