تراویح میں درست قرآت اور عوام الناس کو قرآن کی صحیح تعلیمات سے روشناس کرانے میں اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔
کانپور) محمد عثمان قریشی) رمضان المبارک کی آمد کے پیش نظر، عوام الناس کو رمضان المبارک کی فضیلت، اس کے تقاضے اور اس مہینے میں دینی و روحانی ترقی کے مواقع سے روشناس کرانے کیلئے جمعیۃ علماء شہر و مجلس تحفظ ختم نبوت کانپور کی جانب سے مدرسہ الحرمین میں مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی کی نگرانی، مفتی عبدالرشید قاسمی کی صدارت اور ڈاکٹر حلیم اللہ خان کی سرپرستی میں پورے شہر میں ”استقبالِ رمضان و تفہیمِ دین” کے عنوان سے علمی و روحانی اجتماعات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
اسی سلسلے میں مدرسہ الحرمین، طلاق محل میں ایک عظیم الشان جلسہ منعقد کیا گیا، جس میں علاقے کے کثیر تعداد میں حفاظ کرام، علماء اور عوام الناس نے شرکت کی۔ جلسے کا آغاز تلاوتِ قرآنِ مجید اور نعتِ رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم سے ہوا، جس کے بعد مقررین نے مختلف دینی و علمی موضوعات پر خطابات فرمائے۔
مدرسہ مظہر العلوم، نکھٹو شاہ کے ناظم تعلیمات مفتی سعد نور قاسمی نے ”رمضان اور حفاظ کرام کی ذمہ داریاں ” کے موضوع پر تفصیلی بیان کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک میں حفاظ کرام پر ایک عظیم ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ قرآن کریم کی تلاوت، تراویح میں درست قرآت اور عوام الناس کو قرآن کی صحیح تعلیمات سے روشناس کرانے میں اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔
انہوں نے رمضان کی برکات اور اس میں نوافل، قیام اللیل اور ذکر و اذکار کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور حفاظ کرام کو خصوصی نصیحت فرمائی کہ وہ اپنی قرآت اور تجوید کو مزید بہتر بنائیں تاکہ تراویح کے دوران قرآن کا صحیح تلفظ اور الفاظ کا حق ادا کیا جا سکے۔
مفتی صاحب نے تراویح میں قرآن کو تیز رفتاری سے پڑھنے کی سنگین غلطی کی طرف توجہ دلاتے ہوئے فرمایا کہ بعض حفاظ قرآن کو بہت تیزی سے پڑھتے ہیں جس سے نہ صرف الفاظ کا تلفظ بگڑ جاتا ہے بلکہ بعض اوقات معانی میں بھی تحریف ہو جاتی ہے، جو ایک سنگین گناہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ قرآن پاک اللہ کا کلام ہے، جسے آہستہ، ترتیل کے ساتھ اور مکمل خشوع و خضوع کے ساتھ پڑھنا چاہیے۔
مجلس تحفظ ختم نبوت کانپور کے نائب ناظم، مولانا امیر حمزہ قاسمی نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان محض روزے رکھنے اور عبادات کا مہینہ نہیں، بلکہ یہ دین کی صحیح تبلیغ اور اصلاحِ عقائد کا بھی ایک بہترین موقع ہے۔
جلسے کے اختتام پر مکتب الحرمین کے ناظم مولانا محمد طاہر جامعی و دیگر شرکاء نے ان بیانات کو انتہائی مؤثر اور عملی زندگی کے لیے راہنما قرار دیا۔پروگرام کا آغاز حافظ محمد بلال کی تلاوت سے ہوا اور نظامت کے فرائض مفتی طاہر جامعی نے انجام دیے اس موقع پر کثیر تعداد میں لوگ موجود رہے۔