حکومت ایک ایک پیسہ وصول کرے گی: فڑنویس
ناگپور:17 مارچ کو ناگپور فرقہ وارانہ تشدد میں زخمی عرفان انصاری کی موت ہو گئی ہے۔ اس معاملے میں یہ پہلا جانی نقصان ہے۔ عرفان نے ناگپور کے میو ہسپتال میں آخری سانس لی۔ ناگپور تشدد میں زخمی ہونے کے بعد انہیں آئی سی یو میں داخل کرایا گیا تھا۔
ناگپور تشدد کے ملزمین کے خلاف بلڈوزر کارروائی
اس درمیاں مہاراشٹر کے وزیر اعلی دیویندر فڑنویس نے اس معاملے میں سخت موقف اختیار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس نے بھی سوشل میڈیا پر افواہیں پھیلائی ہیں اس کے خلاف بھی فساد بھڑکانے کا مقدمہ درج کیا جائے گا۔ فساد بھڑکانے پر کچھ پوڈ کاسٹ کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ اب تک جو بھی نقصان ہوا ہے، اس کی پوری رقم تشدد پھیلانے والوں سے وصول کی جائے گی۔ بصورت دیگر ان کی جائیداد ضبط کر لی جائے گی۔
ناگپور تشدد میں 104 گرفتاریاں
دیویندر فڑنویس نے کہا کہ اس معاملے میں اب تک 104 لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ان میں سے 12 ملزمان 18 سال سے کم عمر کے بچے ہیں۔ یہ تمام لوگ سی سی ٹی وی فوٹیج میں تشدد پھیلاتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ اب تک، تحقیقات میں تشدد بھڑکانے والی 68 سوشل میڈیا پوسٹیں ملی ہیں۔ جنہیں حذف کر دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ 1992 کے بعد ناگپور میں اس طرح کے فسادات کبھی نہیں ہوئے۔ اس طرح جلاؤ گھیراؤ اور لوگوں کی گاڑیوں کو توڑنا ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اس کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔ خاص طور پر پولیس پر حملہ کرنے والوں کو اپنے اعمال کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔ مہاراشٹر میں، ہم اپنے طریقے سے کارروائی کرتے ہیں۔ جہاں ضرورت پڑے گی بلڈوزر کا استعمال بھی کیا جائے گا۔
مرکزی ملزم نے درخواست ضمانت دائر کر دی۔
دوسری جانب ناگپور تشدد کے مرکزی ملزم فہیم خان نے سیشن کورٹ میں ضمانت کے لیے درخواست دائر کی ہے۔ خان نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی گرفتاری "سیاسی انتقام” کا حصہ ہے، کیونکہ اس نے وشو ہندو پریشد (VHP) کے کارکنوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔ مینارٹیز ڈیموکریٹک پارٹی کے ناگپور صدر خان کو ہنگامہ آرائی اور آتش زنی کے واقعات کے دو دن بعد 19 مارچ کو گرفتار کیا گیا تھا۔
گرفتاری کے بعد فہیم خان کو پولیس کی تحویل میں بھیج دیا گیا۔ جہاں جمعہ کو خان کا ریمانڈ ختم ہونے کے بعد عدالت نے ان کی خراب صحت کو دیکھتے ہوئے انہیں عدالتی تحویل میں بھیج دیا۔ اس درمیان پولیس نے کہا ہے کہ وہ دوبارہ فہیم خان کے ریمانڈ کی کوشش کرے گی۔