بارہ بنکی (ابوشحمہ انصاری) جامع مسجد دریاآباد کے میدان میں ایکوا کول آر او واٹر سپلائر دانش احمد ہاشمی اور ان کے نوجوان ساتھیوں، ہلال قدوائی، سفیان راعین، التمش، مونس امن، طلحہ عدنان، سراج احمد، توصیف احمد، اور عاطف ملک کی جانب سے ایک عظیم الشان افطار پارٹی کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر قصبے کے مختلف محلوں سے سینکڑوں روزہ داروں نے شرکت کی۔ بڑی تعداد میں مسلمانان قرب و جوارنے رمضان المبارک کی برکتوں سے فیض یاب ہوئے۔
جامع مسجد کے امام مولانا شکیل احمد ندوی نے افطار پارٹی سے قبل روزے اور اس کی فضیلت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ رمضان کا روزہ فرض ہے۔ جبکہ تراویح سنت مؤکدہ ہے۔ انہوں نے حدیث نبوی ﷺ بیان کرتے ہوئے کہا کہ جو شخص کسی روزہ دار کو افطار کراتا ہے۔ اس کے گناہوں کی مغفرت ہوتی ہے۔ جہنم سے آزادی نصیب ہوتی ہے اور روزہ دار کے برابر ثواب حاصل ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی کے پاس زیادہ کچھ نہ ہو تو وہ محض ایک کھجور یا پانی کا گھونٹ پلا کر بھی یہ ثواب حاصل کرسکتا ہے۔
مولانا شکیل احمد ندوی نے شب قدر کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے فرمایا کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا۔ شب قدر کو رمضان کے آخری عشرے میں تلاش کرو۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو شخص کسی روزہ دار کو حلال کھانے یا پانی سے افطار کرائے۔ فرشتے اس کے لیے دعا کرتے ہیں۔
نماز مغرب اور روزہ افطار کے بعد ملک میں امن و امان، بھائی چارے اور خیر و برکت کے لیے اجتماعی دعا کی گئی۔ اس بابرکت موقع پر علمائے کرام، حفاظ کرام، اور سماجی شخصیات، جن میں ڈاکٹر نور عالم، ماسٹر محمد حسنین، مولانا عبدالماجد، سوسائٹی کے جنرل سیکریٹری محمود احمد، اور سیف ادریسی شامل تھے۔ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
آخر میں ایکوا کول آر او واٹر سپلائر کے دانش احمد ہاشمی نے تمام مہمانوں اور روزہ داروں کا شکریہ ادا کیا اور اس طرح کے مزید نیک کاموں میں تعاون کی امید ظاہر کی۔