مولانا محمود مدنی کی موجودگی میں مجلسِ عاملہ کا متفقہ فیصلہ — ریاستی صدر منصورپوری نے مہرِ تائید ثبت کی
کانپور / لکھنؤ (محمد عثمان قریشی) جمعیۃ علماء ہند کی ریاستی یونٹ “جمعیۃ علماء اترپردیش” کی مجلسِ عاملہ کا ایک نہایت اہم اجلاس ریاستی صدر مفتی عفان منصورپوری کی زیرِ صدارت ریاستی راجدھانی لکھنؤ میں منعقد ہوا جس میں بطور مہمان خصوصی قومی صدر مولانا محمود مدنی شریک ہوئے۔ اجلاس میں تنظیمی، تعلیمی اور ملی امور پر تفصیلی غور و خوض کے بعد متفقہ طور پر مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی کو ناظمِ اعلیٰ جمعیۃ علماء اترپردیش منتخب کیا گیا۔ ریاستی صدر مفتی محمد منصورپوری نے اس فیصلے پر مہرِ تائید ثبت کی اور اسے تنظیمی استحکام کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا۔
مجلس عاملہ کے اراکین نے مولانا امین الحق عبداللہ کی ہمہ جہت علمی، سماجی اور تنظیمی خدمات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کی قیادت میں جمعیۃ علماء اترپردیش نئی روح، نئی رفتار اور نئے وژن کے ساتھ آگے بڑھے گی۔
مولانا عبداللہ قاسمی کی خطابت، تنظیمی بصیرت، انتظامی صلاحیت، اور عوامی مقبولیت نے انہیں نہ صرف جمعیۃ علماء کے انتہائی اہم متحرک رہنماؤں میں شامل کیا ہے بلکہ اترپردیش کے دینی و ملی افق پر ایک معتدل، مخلص اور متوازن قیادت کے طور پر متعارف کرایا ہے۔
مجلس عاملہ نے مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی کو ناظم اعلیٰ منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ جمعیۃ علماء اترپردیش کے لیے مولانا عبداللہ قاسمی کی خدمات امید افزا ہیں۔ وہ نوجوان قیادت کی ایک روشن مثال ہیں جو علم، عمل اور تنظیم تینوں میدانوں میں توازن کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔