اول مرحلہ میں حفظ قرآن کا پہلا راؤنڈ منعقد، آئندہ ہفتوں میں عربی و اردو خطابت اور سیرت کوئز کے مقابلے ہوں گے
کانپور (محمد عثمان قریشی) مشرقی اترپردیش کی معروف دینی و تعلیمی درسگاہ جامعہ محمودیہ اشرف العلوم جامع مسجد اشرف آباد جاجمؤ کانپور میں طلبہ کی علمی، فکری اور لسانی صلاحیتوں کو نکھارنے اور ان کے اندر علمی ذوق و شوق پیدا کرنے کے مقصد سے متین الحق اکیڈمی کے بینر تلے مسابقہ جاتی پروگراموں کا سلسلہ شروع کیا گیا۔ یہ سلسلہ جامعہ کے ناظم مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی کی خصوصی ہدایت اور نگرانی میں شروع ہوا جس کا پہلا مرحلہ شعبۂ حفظ کے طلبہ کے درمیان مسابقۂ حفظِ قرآن کے پہلے راؤنڈ سے ہوا۔
جامعہ کے ناظمِ تعلیمات مفتی سید محمد عثمان قاسمی نے بتایا کہ اس مرحلے میں شعبۂ حفظ کے طلبہ نے نہایت جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا اور اپنی مہارت کا مظاہرہ کیا۔ پہلے راؤنڈ میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ آئندہ مراحل میں شرکت کریں گے، جبکہ اس موقع پر اساتذۂ کرام نے طلبہ کی حوصلہ افزائی اور رہنمائی کی۔
انھوں نے مزید بتایا کہ مسابقہ جاتی سرگرمیوں کے تحت آئندہ ہفتوں میں عربی اور اردو مسابقہ خطابت کے ساتھ ساتھ سیرت کوئز کا پہلا راؤنڈ بھی منعقد کیا جائے گا۔ اس کے لیے ہر ہفتے بدھ کو بعد مغرب اور جمعرات کو صبح کا وقت مختص کیا گیا ہے، تاکہ طلبہ کی تیاری میں تسلسل قائم رہے اور تعلیمی و تربیتی ماحول مزید جاندار ہو۔
جامعہ کے ناظم مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی نے کہا کہ اس طرح کے پروگرام طلبہ کے اندر خوداعتمادی، فکری پختگی، علمی ذوق اور تعلیمی مسابقت پیدا کرنے میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ ان کے مطابق جامعہ نے ہمیشہ کوشش کی ہے کہ طلبہ کو محض نصابی تعلیم تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ ان کی علمی و لسانی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے کے لیے عملی مواقع بھی فراہم کیے جائیں۔
واضح رہے کہ جامعہ محمودیہ اشرف العلوم نہ صرف دینی علوم کی تدریس میں ممتاز مقام رکھتا ہے بلکہ ہمہ وقت علمی و تربیتی سرگرمیوں کے ذریعے طلبہ کو عصری و تقابلی میدان میں بھی تیار کرنے کا فریضہ انجام دیتا ہے۔ اس نئے سلسلے سے طلبہ کے اندر نہ صرف تعلیمی جوش بڑھے گا بلکہ آنے والے سالوں میں علمی میدان میں ان کی کارکردگی مزید نمایاں ہونے کی توقع ہے۔