بلوہا بازار، سدھارتھ نگر (احمد رضا) علاقے کی مرکزی درسگاہ دارالعلوم اہلِ سنت غوثیہ نظام العلوم بلوہا بازار میں آج بتاریخ 11اگست2025 بروز دوشنبہ مبارکہ بعد نمازِ مغرب تا عشاء، قائد اہلسنت، ناشرِ مسلکِ اعلیٰ حضرت، حضرت علامہ مولانا محمد ریحان رضا نظامی کی سربراہی میں علاقے کے تقریباً 40 علمائے کرام کی موجودگی میں جلوس محمدی صلی اللہ علیہ وسلم کے تعلق سے ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی۔
تلاوتِ قرآنِ مقدس اور کلامِ رضا سے میٹنگ کا آغاز ہوا۔ اس کے بعد حضرت علامہ مولانا قمر الزماں صدیقی نے مختصر وقت میں بہت ہی اہم باتیں ارشاد فرمائیں۔ آپ نے فرمایا: "عالم تو سب ہیں اور سب اپنے حصے کا کام کرتے ہیں، لیکن قیادت کی توفیق اللہ کسی کسی کو عطا فرماتا ہے۔ اور الحمدللہ، مولانا محمد ریحان رضا اس فرض کو بخوبی نبھا رہے ہیں۔”
اس کے بعد قائد اہلِ سنت حضرت علامہ محمد ریحان رضا نے جلوس محمدی صلی اللہ علیہ وسلم کے ٹائم ٹیبل کے بارے میں لوگوں سے مشورہ لیا۔ تمام علمائے کرام نے اس بات پر اتفاق کیا کہ:
- اگر 12 ربیع النور شریف جمعہ کو پڑتا ہے، تو صبح 10 بجے تک علاقے کی تمام علماء کرام اپنی اپنی انجمنوں کے ساتھ دارالعلوم پہنچ جائیں۔
- اگر سنیچر کو پڑتا ہے، تو ہر سال کی طرح 12 بجے دوپہر تک تشریف لائیں۔
اس کے علاوہ، اس سال آقا صلی اللہ علیہ وسلم کے 1500 ویں یومِ ولادت کے موقع پر دین و سنیت کی خدمت کے لیے کچھ نئے طریقے تجویز کیے گئے، جیسے:
- ایک کمیٹی تشکیل دی جائے، جس میں علاقے کے ہر گاؤں کے چند نوجوان شامل ہوں۔
- یہ کمیٹی علاقے کے ہر خوشی اور غم میں شریک ہو اور دین و سنیت کے کاموں میں پیش پیش رہے۔
تمام علمائے کرام نے اس تجویز پر "لبیک” کہا۔ سب کے چہروں پر خوشی کے آثار نظر آئے اور تمام حاضرین نے اس عظیم منصوبے پر اپنی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔
اسکے علاوہ حالات حاضرہ پر بھی آپ نے کچھ گفتگو فرمائی۔
•مساجد و مدارس کی حفاظت کے سلسلہ میں اہم تجاویز پیش کیں،
•مقامی سطح پر علماء کرام اور عوام کے درمیان رابطہ مضبوط کیا جائے۔
آخر میں صلوٰۃ و سلام اور دعا کے ساتھ میٹنگ کا اختتام ہوا۔
نوٹ ۔اس میٹنگ سے پہلے ایک میٹنگ اسی ہفتے مدرسہ اہلِ سنت غریب نواز بسڈیلہ پوست مرواٹیا ضلع سدھارتھ نگر میں بھی ہوئی تھی۔