کانپور/محمد عثمان قریشی/ 9 مارچ ماہ صیام ہیلپ لائن پر پوچھے گئے سوالات اور ان کے جوابات درج ذیل ہیں اس تناظر میں پہلا حالت روزہ میں مغلظات بکنے سے متعلق تھا.
سوال: بعض لوگ روزے میں بھی بری باتیں کرتے ہیں، اس بارے میں شریعت کیا کہتی ہے؟
جواب: نبی کریم ﷺ نے فرمایا:
"جو شخص بری بات اور اس پر عمل کرنا نہ چھوڑے، تو اللہ تعالیٰ کو اس کے کھانے پینے کے چھوڑنے کی کوئی ضرورت نہیں۔” (بخاری، ابو داود، ترمذی، نسائی، ابن ماجہ)
"بہت سے روزہ دار ایسے ہیں جنہیں روزے سے صرف پیاس ہی ملتی ہے، اور بہت سے قیام کرنے والے ایسے ہیں جنہیں صرف جاگنے کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوتا۔” (ابن ماجہ، نسائی، طبرانی)
"روزہ سپر (ڈھال) ہے، جب تک اسے پھاڑا نہ جائے۔” صحابہ نے پوچھا: "کس چیز سے پھاڑے گا؟” تو آپ ﷺ نے فرمایا: "جھوٹ یا غیبت سے۔”
سوال: روزہ توڑنے کا کفارہ کیا ہے؟ اگر کفارہ میں بیچ میں ایک دن ناغہ ہو جاۓ تو کیا حکم ہے؟
جواب: عصر حاضر میں روزہ توڑنے کا کفارہ درج ذیل ہے:
- مسلسل ساٹھ (60) روزے رکھنا۔
- اگر مسلسل روزے نہ رکھ سکے، تو ساٹھ (60) مساکین کو دونوں وقت پیٹ بھر کر کھانا کھلائے۔
اگر کسی نے ساٹھ (60) روزے رکھنا شروع کیے، لیکن درمیان میں ایک دن بھی چھوٹ گیا (خواہ بیماری ہی کی وجہ سے کیوں نہ ہو) ، تو دوبارہ سے ساٹھ (60) روزے رکھنے ہوں گے۔
البتہ اگر عورت کو حیض آجائے تو جتنے دن حیض کی وجہ سے روزے نہ رکھے گئے، وہ ناغے شمار نہیں ہوں گے، بلکہ پہلے کے روزے اور حیض کے بعد والے دونوں مل کر ساٹھ ہو جانے سے کفارہ ادا ہو جاۓ گا۔
سوال: روزے کی حالت میں بیوی کو بوسہ دینا، گلے لگانا یا بدن کا کوئی حصہ چھونا کیسا ہے؟
جواب: بحالت روزہ عورت کا بوسہ لینا اور گلے لگانا اور بدن چھونا مکروہ ہے، جبکہ یہ اندیشہ ہو کہ انزال (منی کا نکلنا) ہو جاۓ گا یا جماع میں مبتلا ہوگا اور ہونٹ اور زبان چوسنا روزہ میں مطلقا مکروہ ہے یوں ہی مباشرت فاحشہ
سوال: لوگوں میں مشہور ہے کہ زوال کے بعد روزے میں مسواک کرنا مکروہ ہے، کیا یہ صحیح ہے؟
جواب: نہیں، یہ بات غلط ہے۔ روزے میں کسی بھی وقت مسواک کرنا مکروہ نہیں، بلکہ جیسے عام دنوں میں سنت ہے، ویسے ہی روزے میں بھی سنت ہے۔ خواہ مسواک خشک ہو یا پانی سے تر کی گئی ہو، کسی بھی وقت مکروہ نہیں۔
سوال: روزے میں حجامہ (پچھنے لگوانا) کروانا کیسا ہے؟
جواب: اگر کمزوری کا اندیشہ ہے تو حالت روزہ میں پچھنا لگانا مکروہ ہے، ورنہ کوئی حرج نہیں.
ماہِ صیام ہیلپ لائن میں مفتیاں کرام و علماء کے رابطہ جاتی اور واٹس اپ نمبرات مندرجہ ذیل ہیں
- مفتی محمد الیاس خاں نوری (مفتی اعظم کان پور) 9935366726
- مفتی محمد هاشم اشرفی 9415064822
- مفتی محمد مہتاب عالم مصباحی 9044890301
- مولانا فتح محمد قادری 9918332871
- مفتی محمد حسان اختر علیمی9161779931
- مولانا قاسم اشرفی مصباحی ( آفس انچارج ) 8052277015
- مولانا غلام حسن قادری 7897581967
- مفتی گل محمد جامعی اشرفی 8127135701
- مولانا سفیان مصباحی 9519904761
- حافظ محمد ارشد اشرفی 8896406786
- جناب اقبال احمد نوری 8795819161