کانپور (محمد عثمان قریشی) حقیقت یہ ہے کہ ختم نبوت اُمت کے لئے ایک بڑی رحمت ہے، یہ اس اُمت کی عالمگیریت، اس کی وحدت، اپنے عقیدہ پر جماؤ اور استقامت اور اعتقادی انتشار اور فرقہ بندیوں سے حفاظت کا ذریعہ ہے؟ کیوں کہ اگر سلسلہ نبوت باقی ہو تو ہمیشہ ایک نئے نبی کا انتظار ہوگا اور اپنے عقیدہ پر استقامت نہ ہوگی، پھر جو شخص نبوت کا دعوی کرے اس کے سچے اور جھوٹے ہونے کو جانچنا اور پرکھنا خود ایک امتحان ہے، کیوں کہ حقیقی نبی کا انکار بھی کفر ہے اور جھوٹے نبی پر ایمان لانا بھی کفر، اس لئے جب بھی کوئی نبی آئے گا، تو کچھ اس پر ایمان لانے والے ہوں گے اور کچھ اس کے منکر ہوں گے، ظاہر ہے کہ اس سے فرقہ بندیاں جنم لیں گی، اس لئے ختم نبوت مسلمانوں کے لئے اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی رحمت ہے اور اعداء اسلام چاہتے ہیں کہ اُمت مسلمہ کو اس عظیم نعمت سے محروم کر دیں، لیکن وہ کبھی اس میں کامیاب نہیں ہو سکتے،ضرورت اس بات کی ہے کہ موجودہ حالات میں مسلمانوں کو اور خاص کر دیہات اور قریہ جات کے مسلمانوں کو ختم نبوت کی حقیقت سے واقف کرایا جائے؟ تا کہ وہ بکرے کی کھال میں آنے والے بھیڑیوں کو پہنچان سکیں اور اپنی حفاظت کر سکیں کہ ختم نبوت کا عقیدہ ایمان اور کفر کی اساس اور ہدایت و گمراہی کے درمیان خط فاصل ہے۔ مذکورہ خطاب مولانا مفتی اسامہ رحمن قاسمی استاذ جامعہ عربیہ اشاعت العلوم قلی بازار کانپور نے پندرہ روزہ تحفظ ختم نبوتؐ و عظمت صحابہ پروگراموں میں سے ایک پروگرام میں بمقام مسجد مرحوم عنایت جوہی نہریا پرم پوروہ کانپور بعد نماز عشاء میں کیا۔ واضح ہو کہ تحفظ ختم نبوتؐ کے ہمارے بیش قیمتی عقیدے کے تحفظ اور فرقہئ باطلہ جیسے فرقہ قادیانی، فرقہ شکیلی، فرقہ پرویزی اور گوہر شاہی کے سد باب کیلئے لائحہ عمل تیار کرنے اور عوام کو ان فتنوں سے روشناس کرانے کیلئے ہی آئندہ ۳/ دسمبر ۴۲۰۲ء بروز منگل بعد نماز عشاء بمقام حلیم انٹر کالج چمن گنج کانپور میں زیر صدارت قاضیئ شہر کانپور حضرت الحاج حافظ و قاری عبد القدوس ہادی نائب صدر جمعیۃ علماء اتر پردیش و صدر مجلس تحفظ ختم نبوتؐ کانپور و زیر اہتمام مجلس تحفظ ختم نبوتؐ و شہری جمعیۃ علماء کانپور ایک عظیم الشان ایک روزہ تحفظ ختم نبوتؐ و عظمت صحابہ کانفرنس منعقد ہونے جا رہی ہے جس میں ملک کے مشہور و معروف مربی حضرات کے بیانات ہوں گے۔ اس موقع پر مولانا ابوبکر ہادی قاسمی کنوینر کانفرنس نے اپیل کی کہ تمام شہر کے باشندوں سے گزارش کی جاتی ہے کہ مذکورہ کانفرنس میں شرکت کے اپنے ایمان و عقیدے کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔ اس موقع پر مولان عبد الاول جامعی کے علاوہ امام مسجد ہٰذا اور مصلیان مسجدکے ساتھ کثیر تعداد میں عامۃ المسلمین موجود رہے۔
ختم نبوت کا عقیدہ ایمان اور کفر کی اساس اور ہدایت و گمراہی کے درمیان خط فاصل ہے: مفتی اسامہ رحمن

Leave a review