بچوں کی بہتر تعلیم کے لیے اساتذہ اور والدین کا کردار اہم ہے: اسلم ایڈووکیٹ
مدرسہ مسلم درسگاہ نسواں میں مارکشیٹ پروگرام کا انعقاد
بارہ بنکی (ابوشحمہ انصاری) تعلیم ہر انسان کی زندگی کے لیے بہت ضروری ہے۔ تعلیم کے ذریعے ہی انسان اپنی زندگی کو سنوار سکتا ہے اور ترقی حاصل کر سکتا ہے۔ غریب طلباء کو بھی معیاری تعلیم فراہم کرنا بنیادی مقصد ہونا چاہئے.
مذکورہ خیالات کا اظہار مدرسہ مسلم درسگاہ نسواں فتحپور میں مارکشیٹ تقسیم پروگرام کی صدارت کر رہے مینیجر محمد رئیس صدیقی نے کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ میرا مقصد غریب طلباء کو بھی معیاری تعلیم فراہم کرانا ہے۔ معاشرے میں بہت سے بچے غربت کی وجہ سے تعلیم حاصل نہیں کر پاتے، میں غریب بچوں کو بھی تعلیم یافتہ دیکھنا چاہتا ہوں۔ پروگرام کے مہمان خصوصی انجمن مسلم آنا فنڈ فتح پور کے صدر محمّد اسلم ایڈووکیٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ بچوں کی بہتر تعلیم کے لیے اساتذہ اور والدین کا کردار اہم ہے۔ بچے جو کچھ بھی سیکھتے اور سمجھتے ہیں، وہ زیادہ تر اپنے والدین اور اساتذہ سے سیکھتے ہیں۔
مدرسہ کی پرنسپل مجیب النساء نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جو بچے محنت سے پڑھتے ہیں وہ اچھے نمبر حاصل کر کے اپنا اور اپنے والدین کا نام روشن کرتے ہیں۔ پروگرام کی نظامت احمد سعید حرف نے کی۔ پروگرام میں ہونہار طلباء کو میڈل دیکر نوازا گیا۔ اس موقع پر والدین سمیت سماجی کارکن اعظم علی، محمد خالد، معراج احمد وغیرہ موجود تھے۔