کانپور (محمد عثمان قریشی) 18جنوری مدرسہ الجامعۃ الاسلامیہ اشرف المدارس، گدیانہ کانپور، یوپی کے شعبۂ حفظ کے دو ذہین اور محنتی طلبہ، بابل رضا (درسگاہ: قاری سید محمد قاسم برکاتی) اور ساحل رضا (درسگاہ: حافظ محمد مشتاق اشرفی)، نے قرآن پاک کی تلاوت کے شوق و محبت کی ایک اعلیٰ مثال قائم کی۔ ان دونوں طلبہ نے 16 جنوری کو مکمل قرآن پاک ایک نشست میں سنانے کا کارنامہ سرانجام دیا
یہ روحانی محفل صبح 8 بجے شروع ہوئی اور سہ پہر 3:30 بجے اختتام پذیر ہوئی۔ اس دوران دونوں طلبہ نے خوبصورت اور دلکش انداز میں بغیر کسی وقفے کے قرآن پاک مکمل سنایا، جس پر موجود علما، اساتذہ، طلبہ اور علاقے کے لوگ بے حد متأثر ہوئے۔
اس موقع پر جامعہ کے مہتمم و سربراہ اعلی،حضرت علامہ مولانا الحاج محمد ہاشم اشرفی صاحب قبلہ نے اقصیٰ جامع مسجد میں نماز جمعہ کے بعد طلبہ کی بھرپور حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ان کے سروں پر دستار باندھی اور بے شمار دعائیں ،ان کی لگن اور محنت کو سراہا، اور مزید تمام طلبہ سے پڑھائی میں محنت و لگن کی اپیل کی۔ اور انہوں نے کہا کہ یہ کارنامہ نہ صرف ان طلبہ کی بلکہ مدرسہ اشرف المدارس کی عظمت اور تربیت کا بھی منہ بولتا ثبوت ہے۔
صدر رفیق احمد منشی و شفیق احمد اور نیزعلاقے کے لوگوں نے ان دونوں ہونہار طلبہ کی گل پوشی کی اور ان کے روشن مستقبل کے لیے دعا کی۔ اس موقع پر اساتذہ نے طلبہ کی مسلسل محنت اور والدین کی دعاؤں کو ان کی کامیابی کا راز قرار دیا۔
مدرسہ اشرف المدارس میں منعقد ہونے والے اس یادگار موقع نے یہ ثابت کر دیا کہ نوجوان نسل آج بھی قرآن پاک کے نورانی علوم سے جڑنے کی شدید خواہش رکھتی ہے۔ بابل رضا اور ساحل رضا کی یہ کاوش نہ صرف ان کے لیے باعثِ سعادت ہے بلکہ دیگر طلبہ کے لیے ایک مثال بھی ہے کہ محنت، لگن اور استاد کی رہنمائی کے ذریعے کوئی بھی بلند مقام حاصل کیا جا سکتا ہے۔
ایک نشست میں پورا قرآن سنانے والے طلبہ کے والدین کو مندرجہ ذیل حضرات نے مبارک بادی پیش کی:
مولانا فتح محمد قادری ،مفتی محمود حسان اختر علیمی ،مولانا سفیان مصباحی ،مفتی شبیر عالم مصباحی ،مفتی گل محمد جامعی ،مولانا مسعود احمد مصباحی ،حافظ محمد ارشد اشرفی ،حافظ نیاز احمد اشرفی ، حافظ محمد مسعود اشرفی ، قاری سید قاسم برکاتی، مولانا محمد قاسم مصباحی، حافظ محمد مشتاق اشرفی، مولانا کلیم احمد،قاری احمد اشرفی،قاری محمد آزاد اشرفی اور جملہ اساتذہ و اراکین جامعہ اشرف المدارس۔
یہ روح پرور محفل قرآن مجید کی عظمت اور اس کی محبت کا پیغام لے کر اختتام پذیر ہوئی۔