ہندوستان اور مسلمانان وطن کیلئے دعا کی درخواست
سعودی عرب| مدینہ منورہ| 28 فروری| محمد عثمان قریشی| جمعیۃ علماء اتر پردیش کے نائب صدر اور معروف عالم دین مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی ان دنوں سعودی عرب کے مدینہ شہر میں ہیں جہاں انہوں نے گزشتہ شب مسجد نبوی شریف کے جلیل القدر امام فضیلۃ الشیخ محمد برہجی سے خصوصی ملاقات کی۔ اس ملاقات میں مولانا نے ہندوستان کی ترقی، خوشحالی اور مسلمانانِ ہند کے استحکام کے لیے دعا کی درخواست کی، جس پر امام فضیلۃ الشیخ محمد برہجی نے نیک تمناؤں اور دعاؤں سے نوازا۔
مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی اس وقت سعودی حکومت کی دعوت پر بطور شاہی مہمان عمرہ کے سفر پر ہیں۔ انہیں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کی خصوصی دعوت پر مدعو کیا گیا ہے۔ وہ اس دوران کئی اہم مذہبی، علمی اور سماجی شخصیات سے ملاقات کر رہے ہیں۔

امام مسجد نبوی شریف شیخ محمد برہجی نے ہندوستانی مسلمانوں کے دین سے مضبوط تعلق، صبر و استقامت، اور دینی و سماجی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئےکہا کہ وہ ہمیشہ ہندوستانی مسلمانوں کے لیے دعاگو رہیں گے۔
مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی کی یہ عزت افزائی شہر کانپور کے لیے بھی ایک بڑا اعزاز ہےجس کی اہل شہر میں کافی چرچہ ہورہی ہے۔حرمین شریفین میں کسی کسی ہندوستانی عالم دین تعظیم و تکریم شہر کانپور کے ساتھ ساتھ پورے ملک کے لئے باعث فخر ہے۔
ذرائع کے مطابق مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی 3 مارچ 2025 کو سعودی عرب کے مقدس شہر مکہ مکرمہ روانہ ہوں گے، جہاں وہ مزید دینی و سماجی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے اور عمرہ کی سعادت حاصل کریں گے۔ ان کی 8 مارچ کو ہندوستان واپسی متوقع ہے۔ اس دوران وہ متعدد اہم اجلاسوں اور خصوصی ملاقاتوں میں بھی شرکت کریں گے، جو کانپور کے مسلمانوں کیلئے باعثِ فخر ہے۔