کجمعیۃ بلڈنگ رجبی روڈ میں منعقدہ میٹنگ میں کیمپ کی تیاریوں کا خاکہ تیار کیا گیا
کانپور ( محمد عثمان قریشی) امارت شرعیہ اترپردیش کے زیر اہتمام منعقد ہونے والا تربیتی کیمپ جو سابقہ طور پر 7 اور 8 مئی کو طے تھا، ملکی حالات کے باعث ملتوی کر دیا گیا تھا۔ اب وہی کیمپ بحمد اللہ از سر نو ترتیب دے کر26/25/جون بروز بدھ و جمعرات جامعہ محمودیہ اشرف العلوم جاجمؤ کانپور میں منعقد ہونے جا رہا ہے۔ کیمپ کی تیاریوں اور انتظامات کو مؤثر بنانے کے لیے محکمہ شرعیہ و دارالقضاء کانپور کے متحرک نوجوانوں کی ایک خصوصی میٹنگ گزشتہ شب جمعیۃ بلڈنگ رجبی روڈ میں صدرِ محکمہ مفتی عبدالرشید قاسمی کی صدارت میں منعقد ہوئی۔
میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے محکمہ شرعیہ و دارالقضاء کانپور کے جنرل سیکریٹری مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی نے تربیتی کیمپ کے پس منظر، اغراض و مقاصد اور اس کے علمی، شرعی اور سماجی اثرات پر مفصل روشنی ڈالی۔مولانا نے کہا کہ اس تربیتی کیمپ میں مشرقی اترپردیش سے محاکمِ شرعیہ کے ذمہ داران اور جمعیۃ علماء کے ضلعی صدور و نظماء پر مشتمل 150/ سے زائد افراد کی شرکت متوقع ہے۔
کیمپ کی صدارت امارت شرعیہ اترپردیش کے امیر مولانا سید اشہد رشیدی مہتمم جامعہ قاسمیہ مدرسہ شاہی مرادآباد فرمائیں گے جبکہ بطور مہمانِ خصوصی نائب امیر الہند مولانا مفتی سید محمد سلمان منصورپوری استاذ حدیث دارالعلوم دیوبند شرکت فرمائیں گے۔ اس موقع پر مفتی سید محمد عفان منصورپوری، مفتی اشفاق اعظمی بھی موجود رہیں گے۔ مولانا نے کہا کہ یہ کیمپ صرف معلوماتی نشست نہیں بلکہ موجودہ عہد کے تقاضوں کے تحت قضاء و افتاء کے نظام کو مؤثر اور قابل عمل بنانے کی ایک سنجیدہ و مؤثر کوشش ہے۔
اس موقع پر میٹنگ میں شامل کارکنان و ذمے داران نے پروگرام کی ہر جہت پر تفصیل سے غور کیا۔ مختلف انتظامی شعبہ جات کی نشان دہی کی گئی، جن میں استقبالیہ، طعام، قیام و رہائش، صفائی، ساؤنڈ و اسٹیج، ابلاغ و تشہیر، اور نظم و ضبط جیسے کلیدی شعبے شامل ہیں۔ ہر شعبے کے لیے ذمے دار افراد نامزد کیے گئے، اور ان کے مابین واضح ذمے داریوں کی تقسیم عمل میں آئی۔
صدرِ اجلاس مفتی عبدالرشید قاسمی نے شرکاء کو ان کی ذمہ داریوں کی اہمیت کا احساس دلاتے ہوئے کہاکہ یہ کیمپ دراصل مسلمانوں کے اندر شریعت پر اعتماد پختہ کرنے اور نوجوان نسل کی فکری و عملی تربیت کا اہم ذریعہ ہے، جس میں معمولی سی کوتاہی بھی مجموعی تأثر کو متاثر کر سکتی ہے۔ لہٰذا ہر فرد اپنی ذمہ داریوں کو عبادت اور خدمتِ دین سمجھ کر انجام دے۔
انہوں نے کہا امارت شرعیہ ہند کے امیر مولانا سید ارشد مدنی اور جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا سید محمود مدنی کی سرپرستی و نگرانی میں یہ کیمپ نہ صرف شرعی نظامِ قضاء کو جدید تناظر میں مربوط اور فعال بنانے کا ذریعہ بنے گا بلکہ نوجوان علماء کی استعداد و صلاحیتوں کو بھی نکھارنے کا مؤثر موقع فراہم کرے گا۔میٹنگ کا آغاز مولانا سعود جامعی کی تلاوت سے ہوا۔
میٹنگ میں بطور خاص مولانا انعام اللہ قاسمی، مولانا انیس خان قاسمی، مولانا فریدالدین قاسمی، مولانا انصار احمد جامعی، مفتی اظہار مکرم قاسمی، مولانا محمد ذاکر قاسمی، مولانا سلمان قاسمی، مولانا کلیم احمد جامعی، مولانا محمد ہاشم قاسمی، مولانا محمد طارق قاسمی، مولانا محمد ایاز ثاقبی، مولانا شان محمد جامعی، مولانا شادان نفیس قاسمی، قاری بدرالزماں قریشی اور صادق امین موجود تھے۔