تحریک فروغِ اسلام کے بانی مولانا قمر غنی عثمانی کی صحتیابی کے لیے خصوصی دعا
مہاراشٹر، بھیونڈی( بوبڑے عابد رضا قادری) مورخہ 23 فروری 2025 بعد نمازِ مغرب انور بوبیرے ہال ، نظام پورہ، بھیونڈی میں تحریک فروغِ اسلام کی جانب سے سیرت مصطفیٰ ﷺ کمپیٹیشن کے تحت ایک پُروقار جلسہ بنام تحفظ ناموس رسالتﷺ و تقسیم انعامات منعقد کیا گیا۔
اس بابرکت تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا، جس کی سعادت قاری معین رضوی شافعی نے حاصل کی۔ اس کے بعد نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کرنے کی سعات انور رضا برکاتی نے حاصل کی۔ جس سے حاضرین کے قلوب عشقِ مصطفیٰ ﷺ سے معمور ہوگئے۔ مہدی حسن مضطر ممبئی نے نظامت کے فرائض کو انجام دیا
مقابلے کا پس منظر
یہ کمپیٹیشن عوامِ اہلِ سنت کو سیرت النبی ﷺ کے مطالعے اور عملی زندگی میں اسوۂ حسنہ پر عمل پیرا ہونے کی ترغیب دینے کے لیے منعقد کیا گیا تھا۔ مقابلے میں مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔
تقریب میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے مولانا معزالدین عثمانی ازہری مرکزی المعروف حضور خرم میاں سجادہ درگاہ عالیہ چشتیہ نظامیہ بندگی میاں سرکار امیٹھی موجود رہے۔
مقررِ خصوصی مولانا وقار احمد عزیزی، مختلف علمائے کرام، اساتذہ، اور معزز مہمانان عزام نے خصوصی شرکت کی۔ مقررین نے سیرت النبی ﷺ کی روشنی میں نوجوانوں کی اخلاقی و روحانی تربیت پر زور دیا اور کہا کہ سیرتِ مصطفیٰ ﷺ ہی دنیا و آخرت میں کامیابی کی ضامن ہے۔
تحریک فروغِ اسلام کے قومی جنرل سیکریٹری قاری آصف رضا برکاتی نے محافظِ ناموسِ رسالت، مولانا قمر غنی عثمانی کی حالات زندگی پر بھر پور روشنی ڈالی، اُن کی قربانیوں کو یاد کیا اور اُن کے حوصلے اور جذبات کو سراہا
انعامات کی تقسیم
مقابلے میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 100 طلبہ و طالبات میں اسناد، ٹرافیاں اور قیمتی انعامات تقسیم کیے گئے۔
- اول انعام حاصل کرنے والےتقدیس صدیق ٹیوالے (دامت گاؤں، نیرل، کرجت) کو عمرہ ، بغداد اور بیت المقدس کا ٹور پیکج دیا گیا۔
- دوم انعام حاصل کرنے والے ارشد گلاب خان ( بھیونڈی ) کو عمرہ اور بغداد کا ٹور پیکج سے سرفراز کیا
- سوم انعام حاصل کرنے والی بشریٰ نسیم احمد انصاری (بھیونڈی) کو عمرہ کا پیکج دیا گیا۔
اس کمپیٹیشن کے اہتمام میں جن احباب نے کاوشیں کی ان کو بھی اعزاز واکرام سے نوازا گیا مولانا محمد علی قادری مصباحی خطیب وامام سنی کربلا مسجد گوتم نگر گونڈی ممبئی نے 103 طلبہ طالبات کو پانچ کتابوں کا ایک ایک سیٹ سبھی کو تحفتاً پیش کیا.
آخر میں صلوۃ و سلام اور علامہ وقار احمد عزیزی کی دعا پر تقریب ختم ہوئی، دعا میں محافظِ ناموسِ رسالت ﷺ حضرت قمر غنی عثمانی کی صحتیابی اور رہائی کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔
پروگرام میں شریک لوگوں نے اسے سیرتِ رسول ﷺ کے پیغام کو عام کرنے کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا۔