بستی (محمد قمر انجم فیضی) کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں شرپسند عناصر کی طرف سے بزدلانہ حملہ کرکے دو درجن سے زائد بے قصور ہندوستانیوں کا قتل عام نہایت قبیح حرکت ہے ،جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے. علیمیہ جمدا شاہی کے جملہ اساتذہ اور طلبہ نے جلوس کی شکل میں اس کی مذمت کی۔
مقررین نے کہا کہ یہ حملہ جنھوں نے بھی کیا ہے ان کا مذہب اسلام کےنظریہ امن وامان سے کوئی تعلق نہیں، ایسے لوگ اسلام کو بدنام کرکے مسلمانوں کی صاف ستھری شبیہ بگاڑنے کا کام کرتے ہیں، حقیقت یہ ہے کہ دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں ہوتا، اسلام میں ایک بے قصور انسان کے قتل کو پوری انسانیت کا قتل قرار دیا گیا ہے۔
ہم حکومت وقت سے پرزور اپیل کرتے ہیں کہ ایسے سفاک قاتلوں کو گرفتار کرکے عبرت ناک سزا دی جائے، تاکہ دوبارہ کوئی اس طرح کی حرکت نہ کرے. دارالعلوم علیمیہ نسواں جمدا شاہی بستی جو شمالی مشرقی یوپی کا عظیم ادارہ ہے اور جس میں اس وقت ہندوستان کے اکثر صوبوں کے ہزاروں بچے، بچیاں زیر تعلیم ہیں اس انسانیت سوز واقعے کی بھرپور مذمت کرتا ہے،دہشت گردی کی لڑائی میں اپنے وطن کے ساتھ کھڑا ہے اور غم کی اس گھڑی میں مظلوموں کے دکھ میں برابر کا شریک بھی ہے
ادارے کے تمام ذمہ داران،اساتذہ کرام، طلبہ، علیمی برادران اور جمداشاہی آبادی کے تمام اہل اسلام اس واقعے کی زبردست مذمت کرتے ہوئے دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ ہمارے وطن کی حفاظت فرمائے اور اہل وطن کو امن وامان والی زندگی عطا فرمائے.