کانپور (محمد عثمان قریشی) انڈین یونین مسلم لیگ کے نوجوانوں کا شعبہ مسلم یوتھ لیگ کے یوتھ ونگ کا ایک صوبائی اجلاس اقبال لائبریری بانس منڈی میں منعقد ہوا جس میں خصوصی طور پر قومی صدر یوتھ لیگ حاجی سرفراز غازی اور قومی جنرل سیکرٹری ٹی پی اشرف نے یوتھ لیگ کی ریاستی تنظیم کی تشکیل نو اور جنتر منتر پر ہونے والے جمہوریت تحفظ مارچ کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا.
قومی صدر سرفراز غازی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ووٹ چوری جمہوریت کو قتل کرنے کی کوشش ہے۔ ایک جیسے باہمی نظریات کی حامل سیکولر جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونا چاہئے اور ملک بچانے کی اس مہم میں مسلم لیگ کے اس مارچ کا حصہ بننا چاہئے ۔
قومی جنرل سکریٹری ٹی پی اشرف نے عوام سے اپیل کی کہ جس طرح مسلم لیگ نے کیرالہ میں خود کو مضبوط کیا اور اقلیتوں کے مفادات کا تحفظ کیا، اسی طرح مسلم لیگ کو اتر پردیش میں بھی مضبوط کرنا ہوگا۔ انڈین یونین مسلم لیگ کے ریاستی صدر ڈاکٹر متین خان اس پروگرام میں مہمان خصوصی تھے۔
انہوں نے کہا کہ آج تمام سیاسی جماعتوں کو آئین اور جمہوریت کو بچانے کے لئے متحد ہونا پڑے گا۔ پروگرام کی نظامت کر رہے ضلع صدر عتیق احمد نے بتایا کہ 11 تاریخ کو دہلی کے جنتر منتر پر ہونے والے مظاہرے میں عمران پرتاپ گڑھی کو مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کرنی ہے ۔
جمہوریت کے تحفظ کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونا ہو گا اور اس پروگرام کو کامیاب بنانا ہو گا۔ پروگرام میں ریاستی نائب صدر محمد احمد ، حاجی اشتیاق نظامی ، کمیل انصاری ، رضوان انصاری، اسرار ، رضوان علی وغیرہ نے خصوصی تعاون پیش کیا ۔