کانپور (محمد عثمان قریشی) مرکزی عیدگاہ کے امام مسجد چوک صرافہ کے امام و خطیب اور مدرسہ جامع العلوم پٹکاپور کے سابق استاذ و سینکڑوں علماء کے استاذ مولانا محمد شکیل قاسمی علیہ الرحمہ کے سانحہ ارتحال پر تمام علمی حلقے مغموم ہیں۔ مولانا کے محبتیں، شفقتیں اور مولانا کے اوصاف حمیدہ سے نسل نو کو واقف کرانے کیلئے کل ہند اسلامک علمی اکیڈمی کانپور حق ایجوکیشن اینڈ ریسرچ فاؤنڈیشن اور جمعیۃ علماء شہر کانپور کی جانب سے بتاریخ 15/ دسمبر 2024 بروز اتوار صبح 10/ بجے سے1:00 بجے تک جمعیۃ بلڈنگ رجبی روڈ کانپور میں تعزیتی نشست کا انعقاد کیا جارہا ہے۔
کل ہند اسلامک علمی اکیڈمی کے صدر مفتی اقبال احمد قاسمی، نائب صدر مفتی عبدالرشید قاسمی، جنرل سکریٹری مولانا خلیل احمد مظاہری اور جمعیۃ علماء شہر کے جنرل سکریٹری مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی نے مشترکہ طور پر اس کی اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ مولانا محمد شکیل قاسمی ایک باکمال اور صاحبِ نسبت عالمِ دین تھے۔ آپ نے اپنی زندگی علومِ نبویہ کی اشاعت اور دین کی خدمت کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ آپ نے مدرسہ جامع العلوم پٹکاپور میں استاذِ حدیث و فقہ کی حیثیت سے بے شمار طلبہ کو علمِ دین سے سیراب کیا۔ مسجد چوک صرافہ میں امام و خطیب کی حیثیت سے آپ نے عقائد و اعمال کی اصلاح کرتے ہوئے شاندار خدمات انجام دیں۔ کل ہند اسلامک علمی اکیڈمی کے سرپرست کی حیثیت سے آپ نے جدید اور پیچیدہ فقہی مسائل میں علماء و مفتیان کی بھرپور رہنمائی فرمائی۔ آپ کے اوصافِ حمیدہ میں علم و حلم، تقویٰ و خشیت، اخلاص اور سادگی شامل ہیں۔
مولانا عبداللہ قاسمی نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ نے فرمایا ”اذکُرُوا مَحَاسِنَ مَوْتَاکُمْ”(اپنے مرحومین کی خوبیوں کو یاد کرو)۔ بزرگوں کے اوصاف اور کارناموں کا ذکر کرنے سے ان کے نقشِ قدم پر چلنے کا حوصلہ اور ترغیب ملتی ہے، دینی اور علمی خدمات کی اہمیت اجاگر ہوتی ہے، نئی نسل اپنے اکابر کی قربانیوں سے روشناس ہوتی ہے اور معاشرے میں اصلاح اور دینداری کا شعور بیدار ہوتا ہے۔
انہوں نے شہر کے تمام علماء، ائمہ، اساتذہ و ذمہ دارانِ مدارس اور فکرمند احباب سے وقت مقررہ پر شرکت کی درخواست کی ہے۔
مولانا محمد شکیل قاسمی کی رحلت پر جمعیۃ بلڈنگ میں تعزیتی نشست آج
Leave a review