کانپور (محمد عثمان قریشی) دارالعلوم دیوبند کے تحت قائم ملک گیر تعلیمی نظام رابطہ مدارس کے سالانہ مشترکہ امتحان میں جامعہ محمودیہ اشرف العلوم، جاجمؤ کے ہونہار طلبہ نے نمایاں کامیابی حاصل کرکے ادارے کا نام روشن کیا۔
جامعہ کے تین طلبہ نے اپنی محنت، ذہانت اور علمی جدوجہد کی بدولت نمایاں کامیابی حاصل کیں، جس سے نہ صرف جامعہ کا تعلیمی معیار واضح ہوا بلکہ علاقے میں دینی تعلیم کے فروغ کی ایک مثبت تصویر بھی پیش کی گئی۔
اس امتحان میں تقریباً 750 طلباء نے شرکت کی ان میں جامعہ محمودیہ اشرف العلوم جاجمؤ کانپور کے عرفات احمد ابن سرفراز احمد کانپور حفظ القرآن کے امتحان میں اول پوزیشن، محمد طلحہ ابن مولانا مسعود احمد جامعی، عربی دوم کے امتحان میں اول پوزیشن اور ابوبکر صدیق ابن مولانا متین الحق اسامہ قاسمی نے عربی دوم میں پانچویں پوزیشن حاصل کی۔
یہ کامیابی نہ صرف ان طلبہ کے لیے باعث فخر ہے بلکہ جامعہ کے اساتذہ، والدین اور تمام متعلقین کے لیے بھی اعزاز کی بات ہے۔
جامعہ کے ناظم اور اساتذہ نے طلبہ کی اس کامیابی کو ان کی مسلسل محنت، ادارے کے مضبوط تعلیمی نظام، اور والدین کی دعاؤں کا نتیجہ قرار دیا ہے۔
ناظم جامعہ مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی نے کہا کہ یہ ادارہ حضرت مولانا محمد متین الحق اسامہ قاسمی کی دینی و تعلیمی بصیرت کا نتیجہ ہے، جنہوں نے انتہائی خلوص اور محنت کے ساتھ اس جامعہ کی بنیاد رکھی اور اس کو علم و عمل کا مرکز بنایا۔ مولانا نے زندگی بھر دینِ اسلام کی ترویج و اشاعت میں مصروف رہ کر نہ صرف جامعہ کی بنیاد کو مستحکم کیا بلکہ پورے علاقے میں دینی بیداری پیدا کی۔
اسی طرح جامعہ کے اولین صدر المدرسین حضرت مولانا انوار احمد جامعی نور اللہ مرقدہ کی علمی و تدریسی خدمات کو بھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ وہ ابتدائی دور سے لے کر طویل عرصے تک جامعہ کے تدریسی ستون بنے رہے اور اپنی گہری علمی بصیرت سے طلبہ کو سیراب کرتے رہے۔ ان کی تدریسی خدمات کا ثمر آج بھی جامعہ کے کامیاب طلبہ اور فارغین کی صورت میں نظر آتا ہے، جو مختلف میدانوں میں دین و ملت کی خدمت کر رہے ہیں۔
ناظم تعلیمات مفتی محمد عثمان قاسمی، اساتذہ مولانا محمد شفیع مظاہری، مولانا نورالدین احمد قاسمی، مولانا محمد اکرم جامعی، مولانا فریدالدین قاسمی اور مفتی اظہار مکرم قاسمی نے مشترکہ طور پہ کہا کہ یہ اللہ تعالیٰ کا خاص فضل و کرم ہے کہ ہمارے طلبہ نے ایک بار پھر اپنی علمی قابلیت کا لوہا منوایا ہے۔
یہ کامیابی نہ صرف جامعہ کے تعلیمی معیار کی عکاسی کرتی ہے بلکہ ہمارے اساتذہ کی محنت، طلبہ کی لگن اور والدین کی دعاؤں کا مظہر بھی ہے۔ ہمارا ادارہ شروع سے ہی دینی و عصری تعلیم کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے کے لیے کوشاں رہا ہے، ان نتائج نے ہمارے حوصلے مزید بلند کر دیے ہیں۔ ہم دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ ان طلبہ کو مزید ترقی عطا فرمائے اور انہیں دین و ملت کی خدمت کا ذریعہ بنائے۔
طلبہ کی اس نمایاں کامیابی پر جامعہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ اساتذہ نے کامیاب طلبہ کو دعاؤں سے نوازا اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ عید کے بعد نئے تعلیمی سال کی ابتداء میں ان طلبہ کو انعامات سے نوازا جائے گا۔