وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو خط لکھ کر تاریخی اقدام کی ستائش
بارہ بنکی (ابوشحمہ انصاری) اترپردیش کے سابق قائم مقام وزیراعلیٰ اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر رہنما ڈاکٹر عمار رضوی نے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی جانب سے نیمشدھام کو چترکوٹ کی طرز پر ترقی دینے کے فیصلے کا دلی خیرمقدم کیا ہے۔ اس سلسلے میں ڈاکٹر رضوی نے وزیراعلیٰ کو ایک مکتوب ارسال کرکے اس تاریخی فیصلے کو "انتہائی قابلِ ستائش” قرار دیا ہے۔
ڈاکٹر عمار رضوی نے اپنے خط میں یاد دلایا کہ 1980 میں جب وی پی سنگھ ریاست کے وزیراعلیٰ تھے، اس وقت وہ اُن کی کابینہ میں ثقافت سمیت کئی دیگر محکموں کے وزیر تھے۔ اس دوران انہوں نے نیمشدھام میں واقع مندروں، گھاٹوں اور تالابوں کی خوبصورتی اور تحفظ کے کام کا آغاز کروایا تھا۔
ڈاکٹر رضوی نے کہا کہ نیمشدھام قدیم ترین مذہبی مقامات میں سے ایک ہے، جہاں ایک تہذیب اور ایک عہد کی تاریخ رقم ہوئی تھی۔ قدیم ہندوستان کے فلسفیوں، دانشوروں اور مہان شخصیات نے برسوں کی محنت و کاوش سے ویدوں اور پورانوں کی تدوین کی۔ یہ مقام روحانی، ثقافتی اور تاریخی لحاظ سے نہ صرف ریاست بلکہ پورے ملک کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس سے قبل بھی وہ چترکوٹ کی طرز پر سیتاپور کو کمشنری کا درجہ دیے جانے کی درخواست کر چکے ہیں۔ ضلع سیتاپور ہر اعتبار سے بے حد اہم ہے۔ مہارشی ویاس جی کا تعلق بھی یہیں سے تھا۔ اسی سیتاپور کے ہرگاؤں میں پانڈوؤں نے اپنے اگیاتواس کا وقت گزارا تھا، یہیں ارجن سے جنگ ہوئی تھی، اور یہی وہ مقام ہے جہاں مہارشی ددھیچی نے انسانی فلاح کے لیے اپنے ہڈیوں کا عطیہ دے کر اسوروں کا خاتمہ کروایا تھا۔
یہاں ہر مذہب کے مقدس مقامات موجود ہیں۔ یہی وہ ضلع ہے جہاں ہزاروں سال قبل ویدوں اور پورانوں کی رچنا کی گئی تھی۔ ایودھیا سے گوسوامی تلسی داس جی گھاگھرا ندی پار کرکے "متھرا” رامپور آتے تھے اور یہیں قیام کے دوران انہوں نے رام چرت مانس کے ایک ادھیائے (باب) کی رچنا کی تھی۔
ڈاکٹر رضوی نے اپنے مکتوب کے ذریعے تجویز دی کہ نیمشدھام کو چترکوٹ کی طرح ایک آزاد کمشنری کے طور پر ترقی دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے نہ صرف ضلع سیتاپور بلکہ بہرائچ، لکھیم پور کھیری، بارہ بنکی اور آس پاس کے علاقوں کو بھی براہ راست فائدہ حاصل ہوگا۔
ڈاکٹر عمار رضوی نے امید ظاہر کی کہ وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ مذہبی مقامات کے تحفظ اور ترقی کے عزم پر مسلسل کام کرتے رہیں گے اور نیمشدھام کے وقار کو نئی بلندیوں تک پہنچائیں گے۔