کانپور (محمد عثمان قریشی) لٹریچر سوسائٹی کے زیر اہتمام شہر کے ادبی ، موسیقی اور آرٹ کے سب سے بڑا پروگرام کانپور لٹریچر فیسٹیول 21/22 دسمبر کو گور ہری سنگھانیہ انسٹی ٹیوٹ میں ایک بار پھر منعقد ہونے جا رہا ہے۔ گزشتہ سالوں کی طرح اس بار بھی اس فیسٹیول میں نامور شخصیات کے ساتھ ادیبوں، موسیقاروں اور دانشوروں کی شرکت ہوگی۔ فیسٹیول کے پروگراموں کے بارے میں تفصیلی معلومات دیتے ہوئے فیسٹیول کی ڈائریکٹر ڈاکٹر انجلی تیواری نے بتایا کہ یہ پروگرام 2 دن کا ہوگا جس میں ادب، موسیقی، تاریخ سے متعلق ہر قسم کے سیشن ہوں گے۔ پروگرام کا آغاز ہفتہ کو دوپہر 1.30 بجے مشہور شاعر ندا فاضلی پر بنی فلم ‘میں ندا’ سے ہوگا جس کے ہدایت کار اتل پانڈے سامعین سے بات چیت کریں گے۔ اس کے بعد سہ پہر 3 بجے میلے کا باقاعدہ افتتاح ہو گا، جس میں پہلے دن ہی ایک اور اہم سیشن بزم شاعری ہو گا جسمیں مشہور و معروف شعراء شرکت کریں گے ، پہلے ہی دن ایک اور اہم سیشن ” عام بات خاص بات ” ہو گا ۔ جس میں مصنف ٹریولر سوپن جوشی اپنی نئی کتاب کے ساتھ روبرو ہوں گے جس میں آم کے سفر کو بہت دلچسپ انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ اس کے بعد ادب سے محبت کرنے والے مشہور اداکار راجندر گپتا کے ساتھ ایک دلچسپ بات چیت ہوگی۔ پہلے دن ایک بہت ہی خاص سیشن موسیقی سے متعلق ہے جس میں ابھیجیت گھوشال اور ان کا بینڈ شاندار میوزیکل پرفارمنس دیں گے۔ دوسرے دن کا پہلا سیشن کانپور کے ادیبوں کے نام ہے اس سیشن میں نوجوان شاعروں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کرنے کے لئے ایک اوپن مائیک سیشن کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اس کے بعد مصنف اجے پانڈے اپنی کتابوں کی دنیا سے لوگوں کو متعارف کرائیں گے۔ اس کے بعد معروف مصور اشوک بھومک ادب اور فن سے محبت کرنے والوں کو ہندوستانی مصوری کی حقیقت کو پیش کریں گے۔ ایک اہم سیشن تاریخ دان اپرنا ویدک کا ہے جس میں وہ بھگت سنگھ اور ان کے ساتھیوں پر لکھی گئی کتاب کے بارے میں گفتگو کریں گی، اسی دن شام کے سیشن میں شاعر اور نغمہ نگار آلوک سریواستو شاعری کے بارے میں بات کریں گے اور اپنی شاعری سے شام کو پر سکون بنائیں گے۔

پروگرام میں ادب، موسیقی کے ساتھ ساتھ ڈرامہ بھی پیش کیا جائے گا، جس کے لئے این ایس ڈی سے اجے کمار آئیں گے جو مصنف وجےدان دیتھا کی کہانی ‘بڑا بھنڈ سو بڑا بھنڈ’ کا ڈرامہ پیش کریں گے۔ اس بار کانپور لٹریچر فیسٹیول کا تھیم ‘عورت نامہ’ ہے۔ اسی سلسلے میں سپریم کورٹ کی وکیل شینا تقی کو ان کی جرات کے لئے پوسٹر کی نمائش کے ساتھ اعزاز سے بھی نوازا جائے گا۔ مجموعی طور پر، کانپور لٹریچر فیسٹیول پورے ویک اینڈ کو کانپور کے لوگوں کے لئے ادب، موسیقی، فن، علم اور تفریح سے بھرپور بنانے جا رہا ہے۔ اس کے ساتھ فیسٹیول میں کچھ اور سرپرائزز بھی ہیں جن کے بارے میں لوگوں کو ایونٹ کے دن ہی پتہ چل پائے گا۔ پریس کانفرنس میں ڈاکٹر آلوک باجپائی، اتل تیواری، بھاونا مشرا، روہت ٹنڈن، اکشے کمار، یشندر ، سادھنا گھوش، راہول گوئل، منی سہگل، آنند ویر، سشما، انیتا مشرا سمیت لٹریچر فیسٹیول کی ٹیم کے تمام اراکین موجود تھے ۔