بارہ بنکی، (ابوشحمہ انصاری) اترپردیش کانگریس کمیٹی کے سوشل میڈیا شعبے نے آنے والے 2027 کے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر تنظیمی سطح پر مضبوطی کی سمت میں ایک اہم قدم اٹھایا ہے۔ شعبہ کی ریاستی صدر پنکھڑی پاٹھک نے مختلف اضلاع میں اسمبلی اور بلاک سطح پر نئے عہدیداروں کا اعلان کیا ہے، جن کا مقصد ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر پارٹی کی رسائی کو مزید مؤثر بنانا ہے۔
بارہ بنکی ضلع سے جن کارکنان کو سوشل میڈیا شعبہ میں اہم ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں، ان میں کرسی اسمبلی سے کنہیا لال راوت، رام نگر سے رویندر کمار، بارہ بنکی اسمبلی سے عون میاں، حیدر گڑھ سے شیر محمد، اور زید پور سے محمد اویس انصاری شامل ہیں۔ ان سب کو ان کے متعلقہ علاقوں میں اسمبلی سوشل میڈیا صدر مقرر کیا گیا ہے۔
راجیہ سبھا کے رکن پارلیمان اور کانگریس کے سینئر لیڈر پی۔ ایل۔ پونیا نے ان تقرریوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے تمام نو منتخب عہدیداروں کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کے سوشل میڈیا محاذ کی اہمیت آج کی سیاست میں بے حد بڑھ گئی ہے۔ مجھے پورا یقین ہے کہ یہ نئی ٹیم پارٹی کی نظریات، پالیسیوں اور عوامی فلاح کے پروگراموں کو مؤثر انداز میں عوام تک پہنچانے میں کامیاب ہوگی۔
بارہ بنکی ضلع میں سوشل میڈیا شعبے کی کمان پہلے ہی محمد ذیشان کے پاس ہے، جو ضلع سوشل میڈیا صدر کی حیثیت سے سرگرم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے تمام نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ تقرریاں ہماری ٹیم کو نئی توانائی اور مضبوط سمت فراہم کریں گی۔ منتخب تمام کارکنان طویل عرصے سے تنظیم سے وابستہ ہیں اور سوشل میڈیا کے ذریعے کانگریس کی آواز کو گھر گھر تک پہنچانے میں مصروف ہیں۔
انہوں نے ریاستی صدر پنکھڑی پاٹھک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بارہ بنکی کی ٹیم پر جو اعتماد ظاہر کیا ہے، ہم اسے اپنی لگن اور محنت سے مکمل طور پر نبھائیں گے۔
نومنتخب عہدیداروں نے بھی کانگریس قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ پوری ایمانداری، محنت اور تندہی سے اپنی ذمہ داریوں کو نبھائیں گے اور پارٹی تنظیم کو ہر سطح پر مضبوط بنائیں گے۔
یہ تقرریاں نہ صرف کانگریس کی نوجوان قیادت کو آگے لانے کی سمت میں ایک مضبوط قدم ہیں، بلکہ سوشل میڈیا کے محاذ پر پارٹی کو مستحکم کرنے کی حکمت عملی کا بھی حصہ ہیں۔ آنے والے اسمبلی انتخابات میں ان تقرریوں کا کردار فیصلہ کن ثابت ہو سکتا ہے۔