کانپور (محمد عثمان قریشی) آج قاضئ شہر کانپور الحاج حافظ و قاری عبد القدو س ہادی نائب صدر جمعیۃ علماء اتر پردیش کی صدارت میں جامعہ عربیہ اشاعت العلوم قلی بازار کانپور میں مرکزی عید گاہ بیناجھابر کے امام مولانا محمد شکیل قاسمی کے انتقال پر ملال پر ایک تعزیتی نشست کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں جامعہ کے طلباء نے قرآن کریم کی تلاوت کر کے مرحوم کے نام ایصال ثواب کیا۔ اس موقع پر تقریب کو خطاب کرتے ہوئے استاذ جامعہ مولانا محمد شاکر نے کہا کہ موصوف بہت ہی منظم اور اچھے اخلاق کے مالک تھے، آپ ایک منصف، منکسر المزاج، نیک طبیعت صفت کے بھی مالک تھے۔ اس موقع پر جامعہ کے مفتی محمد الیاس مظاہری شیخ الحدیث جامعہ ہٰذا نے کہا کہ مرحوم میرے استاذ بھی رہے ہیں، مرحوم بہت ہی شریف النفس اور نازک مزاج کے مالک تھے، کبھی بھی انہوں نے اپنے دور درس و تدریس میں طلباء سے زیادتی نہیں کی ہمیشہ انہیں سبق سکھانے کیلئے ہی بہت ہی نرم انداز میں ہلکی سزا کا انتخاب کرتے تھے یعنی سزا دینے میں بھی تربیت اور ادب کو ملحوظ رکھتے تھے۔ اس موقع پر قاضیئ شہر نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اپنے مختصر بیان میں کہا کہ موصوف شہر کانپورمیں اپنی علمی صلاحیت،دینی خدمات،نیک صالح طبیعت کی وجہ سے ایک مختلف مقام حاصل کیا تھا، آپ کی ذات سے کبھی بھی کسی کو کوئی تکلیف نہیں پہنچی، آپ نے کبھی بھی کوئی اختلافی گفتگو نہیں کی ہمیشہ اتحاد پے زور دیا، شہر کانپور کا ادبی و دینی خطہ آپ کو ہمیشہ یادرکھے گا، انہوں نے مزید کہا کہ شہر کے عوام نے آپ کی قابلیت و صلاحیت کے پیش نظر آپ کو شہر کانپور کی مرکزی عید گاہ کی امامت کا فریضہ سونپا، موصوف کی پیدائش اکتوبر کے ماہ میں ۲۵۹۱ء میں مکھنیہ بازار واقع رہائش گاہ میں ہوئی، آپ کے والد کا نام محمد عتیق تھا اوروالدہ کا نام نورجہاں بیگم تھا۔ اس موقع پر قاضیئ شہر کانپور نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے دعا میں کہا کہ اللہ تعالیٰ ہمیں مرحوم کا بدل عطا فرمائے، اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطافرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل کی توفیق عطا کرے۔ اس موقع پر مفتی محمد الیاس مظاہری، مفتی محمد سہیل احمد قاسمی، مفتی محمد شہبازشرفی، مولانا محمد شاکر قاسمی، مولانا عبد القادر قاسمی، مولانا ابوبکر ہادی قاسمی، قاری تنزیل مظہری، مولانا عرفان اللہ، قاری مفیض الدین، قاری عارف جامعی، مولانا شمیم احمد جامعی، مولانا محمد فاروق جامعی، مولاناموسیٰ اشاعتی وغیرہ موجود تھے۔
امام مرکزی عید گاہ کانپور مولانا محمد شکیل قاسمی کے انتقال پر ایصال ثواب کا اہتمام

Leave a review