
تہنیتی پیغام پر اظہارِ سپاس، ترقی یافتہ بھارت کے عزم کی تجدید
لکھنؤ: (پریس ریلیز/ابوشحمہ انصاری) ہندوستان میں مسلسل دو ادوار کے دوران سب سے طویل مدت تک منتخب وزیراعظم رہنے کے موقع پر آل انڈیا مائناریٹیز فورم فار ڈیموکریسی کے قومی صدر، اتر پردیش کے سابق کارگزار وزیر اعلیٰ اور سینئر بی جے پی رہنما ڈاکٹر عمار رضوی نے وزیراعظم نریندر مودی کو تہنیتی پیغام ارسال کرتے ہوئے اس تاریخی موقع پر مبارکباد پیش کی تھی۔ اس کے جواب میں وزیراعظم نریندر مودی نے ڈاکٹر عمار رضوی کے نام مکتوبِ تشکر ارسال کرتے ہوئے ان کی نیک تمناؤں پر دلی شکریہ ادا کیا ہے۔
وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے مکتوب میں تحریر کیا "آپ کا خط پاکر میں بے حد متاثر ہوا ہوں۔ آپ کے محبت بھرے پیغام اور نیک تمناؤں کے لیے دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔” انہوں نے کہا کہ یہ اعزاز دراصل 140 کروڑ ہندوستانیوں کے اعتماد، محبت اور دعاؤں کی عکاسی کرتا ہے اور وہ اس بے مثال اعتماد کو اپنی سب سے بڑی ذمہ داری تصور کرتے ہیں۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ ان کی زندگی کا ہر لمحہ اور ہر کوشش ملک کی خدمت کے لیے وقف رہے گی۔ انہوں نے لکھا کہ گزشتہ بارہ برسوں کے دوران ملک نے ترقی کی نئی منزلیں طے کی ہیں اور یہ کامیابیاں عوام کے اجتماعی اعتماد، مضبوط عزم اور مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان، خواتین، کسان، صنعت کار، کاروباری افراد اور متوسط طبقہ بھارت کی ترقی کے حقیقی ستون ہیں۔ انہی کی محنت اور عوامی اعتماد کی بدولت بھارت نہ صرف اپنے چیلنجز کا کامیابی سے سامنا کر رہا ہے بلکہ عالمی سطح پر نئی مثالیں قائم کرتے ہوئے نئے امکانات بھی پیدا کر رہا ہے۔
وزیراعظم مودی نے اپنے مکتوب میں اس یقین کا اظہار کیا کہ آئندہ برسوں میں ترقی کی رفتار مزید تیز ہوگی اور اصلاحات، بہتر طرزِ حکمرانی، اختراع اور عوامی شراکت داری کو مزید مضبوط بنا کر 2047 تک ترقی یافتہ بھارت کے ہدف کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے اس قومی سفر میں ڈاکٹر عمار رضوی کے تعاون کو بھی اہم قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی قوم کی ترقی کے سفر میں اپنا مثبت کردار ادا کرتے رہیں گے۔
مکتوب کے اختتام پر وزیراعظم نریندر مودی نے ایک بار پھر ڈاکٹر عمار رضوی کے تہنیتی پیغام اور نیک تمناؤں پر دلی تشکر کا اظہار کرتے ہوئے ان کی اچھی صحت، خوش حالی اور مسلسل کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔یہ اطلاع آل انڈیا مائناریٹیز فورم فار ڈیموکریسی کے شعبۂ نشر و اشاعت کے سیکرٹری ابوشحمہ انصاری نے جاری کردہ پریس ریلیز میں دی۔




