(ادب، معاشرت اور تہذیبی شعور کے باہمی ارتباط کا ایک تنقیدی مطالعہ)
تحریر: افتخاراحمدقادری
ادب انسانی زندگی کے باطنی اضطراب، اجتماعی شعور، معاشرتی رویّوں اور تہذیبی ارتقا کا ایک ایسا مستند مظہر ہے جس میں کسی عہد کی فکری ساخت، اخلاقی ترجیحات، معاشرتی تضادات اور تمدنی رجحانات اپنی تمام تر معنوی جہات کے ساتھ جلوہ گر ہوتے ہیں۔ ادب زندگی کا آئینہ ضرور ہے لیکن اس آئینے کی معنویت عکس نمائی تک محدود نہیں رہتی بلکہ زندگی کے محاسن و معائب کی نشان دہی کرتا، اس کے فکری انحرافات کو بے نقاب کرتا اور اس کے تہذیبی تشخص کی تشکیل و تعبیر میں بھی نمایاں کردار ادا کرتا ہے۔ یہی وہ مقام ہے جہاں ادب اور تنقید کا رشتہ تہذیب کے وسیع تر تناظر سے مربوط ہو جاتا ہے۔
تہذیب کسی معاشرے میں اچانک ظہور پذیر ہونے والا کوئی عارضی مظہر نہیں بلکہ یہ صدیوں کے فکری ارتقا، اخلاقی تجربات، اجتماعی روایات، معاشرتی تعاملات اور انسانی ترجیحات کے امتزاج سے تشکیل پانے والا ایک ہمہ گیر نظامِ اقدار ہے۔ کسی قوم کی تہذیب اس کے طرزِ معاشرت، اندازِ فکر، اسلوبِ گفتگو، اخلاقی رویّوں، مذہبی تصورات، جمالیاتی ذوق اور انسانی تعلقات کے مجموعی تشخص سے عبارت ہوتی ہے۔ یہی عناصر جب ادبی تخلیقات میں منعکس ہوتے ہیں تو ادب اپنے عہد کی تہذیبی دستاویز بن جاتا ہے۔ اس اعتبار سے کسی ادبی تخلیق کا مطالعہ محض اس کے اسلوب، زبان، بیان اور فنی محاسن تک محدود رکھنا اس کی معنوی وسعت کو محدود کرنے کے مترادف ہے۔ تنقید کا منصب بھی اسی لیے محض عیوب شماری، لفظی محاکمہ یا فنی خوبیوں کی نشاندہی نہیں بلکہ اس کا اصل وظیفہ فن پارے کی تہوں میں پوشیدہ فکری، نفسیاتی، سماجی اور تہذیبی معنویت کو منکشف کرنا ہے۔
ایک بالغ نظر نقاد تخلیق کو اس کے تاریخی اور تہذیبی پس منظر سے منقطع کرکے نہیں دیکھتا بلکہ ان تمام عوامل کا سراغ لگاتا ہے جنہوں نے کسی فن پارے کی تشکیل میں حصہ لیا ہوتا ہے۔ وہ یہ سمجھنے کی کوشش کرتا ہے کہ تخلیق کار کے احساسات کی تشکیل کن معاشرتی تجربات کے زیرِ اثر ہوئی، اس کے تخیل کو کن تہذیبی محرکات نے مہمیز کیا اور اس کے فکری رویّے کس عہد کے اجتماعی شعور سے متأثر ہوئے۔ یہی وہ بصیرت ہے جو تنقید کو محض تبصرہ نگاری سے بلند کرکے ایک سنجیدہ علمی و فکری عمل میں تبدیل کر دیتی ہے۔
یہ حقیقت فراموش نہیں کی جا سکتی کہ ہر عہد اپنے مخصوص تہذیبی مزاج، معاشرتی تقاضوں اور فکری ترجیحات کا حامل ہوتا ہے۔ زمانے کے ساتھ انسانی ضروریات، اجتماعی تصورات، اخلاقی معیارات اور جمالیاتی احساسات میں تغیر رونما ہوتا رہتا ہے۔ چنانچہ جو اقدار ایک عہد میں مسلمہ حیثیت رکھتی ہیں، ضروری نہیں کہ آنے والے زمانے میں بھی وہ اسی صورت میں برقرار رہیں۔ اس تغیر و تبدل کے باوجود بعض ایسی بنیادی انسانی اور اخلاقی قدریں موجود رہتی ہیں جو زمان و مکان کی حدود سے ماورا اپنی معنویت برقرار رکھتی ہیں۔ ایک صاحبِ بصیرت نقاد کے لیے ضروری ہے کہ وہ ان دونوں پہلوؤں کے درمیان امتیاز قائم کرے، نہ تو ہر قدیم روایت کو محض قدیم ہونے کی بنا پر تقدیس کا حصار عطا کرے اور نہ ہر جدید رجحان کو محض جدت کے زعم میں قابلِ قبول قرار دے۔ اس کا منصب یہ ہے کہ وہ روایت اور جدت، انفرادی احساس اور اجتماعی شعور، فنی آزادی اور تہذیبی ذمہ داری کے مابین ایک متوازن زاویۂ نظر پیدا کرے۔
تنقید اور تہذیب کا باہمی تعلق دراصل ایک ایسے فکری مکالمے کی حیثیت رکھتا ہے جس میں دونوں ایک دوسرے کی معنویت کو وسعت عطا کرتے ہیں۔ تہذیب تنقید کو وہ پس منظر فراہم کرتی ہے جس کے بغیر ادبی تخلیق کے حقیقی محرکات تک رسائی دشوار ہو جاتی ہے، جب کہ تنقید تہذیبی اقدار کے محاسن و معائب کا جائزہ لے کر ان کی افادیت، معنویت اور عصری ضرورتوں کا تعین کرتی ہے۔ اس طرح تنقید تہذیب کی محض تابع دار نہیں رہتی بلکہ اس کے احتساب، تجزیے اور اصلاح کا وسیلہ بھی بنتی ہے۔ اگر کسی معاشرے میں فکری جمود، اخلاقی انحطاط، معاشرتی بے اعتدالی یا اقداری انتشار پیدا ہو جائے تو ادب ان کی ترجمانی کرتا ہے اور تنقید ان مظاہر کی تہہ میں اتر کر ان کے اسباب و نتائج کو واضح کرتی ہے۔ یہاں نقاد کی ذمہ داری غیر معمولی اہمیت اختیار کر لیتی ہے۔ اسے محض اپنی پسند و ناپسند، ذاتی رجحانات یا محدود فکری وابستگیوں کی بنیاد پر کسی فن پارے کے متعلق فیصلہ صادر نہیں کرنا چاہیے۔
تنقیدی فیصلے کے لیے وسیع المطالعہ ذہن، تاریخی بصیرت، تہذیبی آگہی، نفسیاتی شعور اور غیر جانب دارانہ طرزِ فکر ناگزیر ہیں۔ جس نقاد کے پاس اپنے عہد کی معاشرتی ساخت اور تہذیبی صورتِ حال کا گہرا ادراک نہیں، وہ کسی تخلیق کے ظاہری حسن کو تو محسوس کر سکتا ہے، لیکن اس کی باطنی معنویت اور فکری تہہ داری تک رسائی حاصل کرنا اس کے لیے دشوار ہوگا۔ فن پارہ محض اپنے الفاظ میں نہیں جیتا بلکہ ان تجربات، احساسات اور اجتماعی یادداشتوں میں بھی سانس لیتا ہے جو اس کی تخلیق کا محرک بنتی ہیں۔
تہذیبی مطالعے کے حوالے سے یہ نکتہ بھی قابلِ توجہ ہے کہ ادب اپنے عہد کی صرف نمائندگی نہیں کرتا، بلکہ بعض اوقات اپنے عہد کے مروجہ تصورات سے اختلاف کرتے ہوئے ایک متبادل فکری زاویہ بھی پیش کرتا ہے۔ بڑے ادیب اور حساس تخلیق کار اپنے گرد و پیش کے حالات کو محض قبول نہیں کرتے بلکہ ان کے اندر موجود تضادات، ناانصافیوں، اخلاقی بے ضابطگیوں اور فکری کمزوریوں کو محسوس کرکے انہیں اپنے فن کا موضوع بناتے ہیں۔ ان کی تخلیقات میں کبھی ماضی کی تہذیبی عظمت کا احساس نمایاں ہوتا ہے، کبھی حال کے انتشار پر احتجاج سنائی دیتا ہے اور کبھی مستقبل کے ایک بہتر معاشرے کی تمنا کروٹ لیتی ہے۔ اس طرح ادب تہذیبی ورثے کا محافظ ہونے کے ساتھ ساتھ اس کے احتساب اور تجدید کا وسیلہ بھی بن جاتا ہے۔
اگر ہم اردو ادب کی تاریخ کا مطالعہ کریں تو اس میں تہذیبی شعور کی بے شمار جہات نمایاں دکھائی دیتی ہیں۔ کلاسیکی شاعری میں اخلاقی تصورات، معاشرتی آداب، انسانی جذبات، روحانی تجربات اور جمالیاتی لطافتوں کا جو امتزاج ملتا ہے، وہ اپنے عہد کی تہذیبی ساخت کا عکاس ہے۔ داستانی ادب میں معاشرتی تصورات، معاشرتی مراتب، شجاعت، وفاداری، مروّت اور انسانی تعلقات کی جو تصویریں ملتی ہیں، وہ محض تخیلاتی تشکیل نہیں بلکہ اپنے زمانے کے اجتماعی شعور کی ترجمانی بھی کرتی ہیں۔ اسی طرح ناول اور افسانے نے جدید عہد میں بدلتے ہوئے معاشرتی رویّوں، طبقاتی کشمکش، شہری زندگی، انسانی تنہائی، تہذیبی شکست و ریخت اور معاشرتی ناانصافیوں کو جس انداز سے موضوع بنایا، اس سے ادب کے تہذیبی کردار کی اہمیت مزید واضح ہوتی ہے۔ اردو تنقید کی تاریخ بھی اس حقیقت کی شاہد ہے کہ جب جب نقادوں نے ادبی تخلیقات کو وسیع تہذیبی اور تاریخی تناظر میں پرکھنے کی کوشش کی، تنقیدی مطالعے کو نئی جہات میسر آئیں۔ تنقید کا ارتقا اسی وقت بامعنی ہوتا ہے جب وہ اپنے عہد کے فکری مسائل، تہذیبی تبدیلیوں اور ادبی رجحانات سے باخبر رہتے ہوئے تخلیق کے باطن تک رسائی حاصل کرے۔ تاہم اس ضمن میں یہ احتیاط بھی ضروری ہے کہ تہذیبی تناظر کو اس قدر حاوی نہ ہونے دیا جائے کہ فن پارے کی انفرادی فنی حیثیت اور جمالیاتی امتیاز پس منظر میں چلا جائے۔
کسی تخلیق کا تہذیبی مطالعہ اسی وقت مکمل اور معتبر قرار پا سکتا ہے جب اس میں فنی ساخت، اسلوبیاتی خصوصیات، زبان و بیان اور موضوعاتی گہرائی کو بھی یکساں اہمیت حاصل ہو۔
عصرِ حاضر میں تنقید اور تہذیب کا رشتہ مزید پیچیدہ صورت اختیار کر چکا ہے۔ عالم گیریت، سائنسی ترقی، ذرائع ابلاغ کی وسعت، ڈیجیٹل ثقافت اور معاشرتی ترجیحات کی تیز رفتار تبدیلی نے انسانی زندگی کے روایتی سانچوں کو متاثر کیا ہے۔ نئی نسل کا فکری مزاج، زبان کا استعمال، مطالعے کے رجحانات اور جمالیاتی ذوق ایک نئے مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں۔ ایسے ماحول میں ادب کے سامنے یہ سوال پہلے سے زیادہ اہمیت اختیار کر گیا ہے کہ وہ اپنی تہذیبی شناخت کو محفوظ رکھتے ہوئے جدید دنیا کے فکری تقاضوں سے کس طرح ہم آہنگ ہو۔ یہی سوال تنقید کے لیے بھی ایک نئے امتحان کی حیثیت رکھتا ہے۔ نقاد کو نہ تو ماضی پرستی کے حصار میں محبوس ہونا چاہیے اور نہ ہی جدیدیت کی ہر لہر کو بلا تحقیق قبول کر لینا چاہیے۔ اسے یہ دیکھنا ہوگا کہ جدید رجحانات انسانی شخصیت، اجتماعی اخلاقیات اور تہذیبی تشخص پر کس نوعیت کے اثرات مرتب کر رہے ہیں۔
آج جب زبان و بیان میں سطحیت، ادبی ذوق میں عجلت، فکری اظہار میں بے احتیاطی اور معاشرتی رویّوں میں عدمِ برداشت کے مظاہر بڑھتے دکھائی دیتے ہیں تو تنقید کی اصلاحی اور تہذیبی ذمہ داری مزید بڑھ جاتی ہے۔ تنقید کا مقصد کسی ادیب کی تخلیقی آزادی کو محدود کرنا یا اس کے اظہار پر غیر ضروری پابندیاں عائد کرنا نہیں، بلکہ اس کے فن کی معنویت کو واضح کرنا اور ادب کے اجتماعی منصب کا احساس بیدار کرنا ہے۔ تنقید اگر محض شخصی مخالفت، گروہی وابستگی، تعصب اور تشہیری مصلحتوں کا شکار ہو جائے تو وہ اپنے علمی وقار سے محروم ہو جاتی ہے۔ اسی طرح اگر ادیب تہذیبی ذمہ داریوں سے یکسر بے نیاز ہو کر محض انفرادی اظہار کو اپنا مطمحِ نظر بنا لے تو اس کے فن میں وہ اجتماعی معنویت پیدا نہیں ہو سکتی جو ادب کو زمان و مکان کی حدود سے بلند کرتی ہے۔ یہ بھی ملحوظ رہنا چاہیے کہ تہذیب کا تحفظ جامد روایات کی حفاظت کا نام نہیں بلکہ ان اقدار کی بقا کا نام ہے جو انسانی شرافت، اخلاقی پاکیزگی، فکری وسعت، رواداری، حسنِ معاشرت اور اجتماعی بھلائی کو فروغ دیتی ہیں۔ ہر معاشرے کو اپنے تہذیبی ورثے کا تنقیدی محاسبہ کرنے کا حق بھی حاصل ہے اور ضرورت بھی۔ جو روایت انسانی وقار اور معاشرتی توازن کو تقویت پہنچائے، وہ قابلِ قدر ہے، لیکن جو رویّہ ظلم، استحصال، تنگ نظری اور فکری جبر کا وسیلہ بن جائے، اس کا جائزہ لینا اور اس کی اصلاح کی کوشش کرنا بھی تہذیبی شعور ہی کا تقاضا ہے۔ اس اعتبار سے تنقید تہذیب کی مخالف قوت نہیں، بلکہ اس کے صحت مند ارتقا کی ایک ناگزیر ضرورت ہے۔ قاری کا کردار بھی اس پورے عمل میں غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔ ادب کا مطالعہ اگر محض تفریح یا وقتی جذبات کی تسکین تک محدود رہے تو اس کی فکری افادیت کا ایک بڑا حصہ ضائع ہو جاتا ہے۔ قاری کو چاہیے کہ وہ تخلیق کے ظاہری مفہوم سے آگے بڑھ کر اس کے تہذیبی اشارات، تاریخی حوالوں، معاشرتی مضمرات اور فکری جہات کو بھی سمجھنے کی کوشش کرے۔ اس کے لیے وسیع مطالعہ، تنقیدی شعور اور مختلف تہذیبی رویّوں سے واقفیت ضروری ہے۔ بیدار ذہن قاری ہی کسی ادبی تخلیق کے ان پہلوؤں کو دریافت کر سکتا ہے جو عام مطالعے میں نگاہوں سے اوجھل رہ جاتے ہیں۔
حقیقت یہ ہے کہ ادب، تنقید اور تہذیب تین الگ الگ دائرے نہیں، بلکہ ایک ہی فکری و تمدنی عمل کی باہم مربوط جہتیں ہیں۔ ادب زندگی کے تجربات کو فن کی صورت عطا کرتا ہے، تہذیب ان تجربات کو اجتماعی اقدار اور معاشرتی تشخص میں ڈھالتی ہے، جب کہ تنقید ان دونوں کے مابین ایک بامعنی رشتہ قائم کرتے ہوئے ان کی معنویت کا تعین کرتی ہے۔ ان میں سے کسی ایک عنصر کو دوسرے سے منقطع کرکے دیکھنا علمی بصیرت کے تقاضوں کے منافی ہے۔ ادب اگر تہذیبی شعور سے محروم ہو تو اس کی معنوی بنیادیں کمزور پڑ جاتی ہیں اور تنقید اگر تہذیبی آگہی سے بے بہرہ ہو تو اس کے فیصلے سطحی اور محدود ہو کر رہ جاتے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ادیب اپنے فن میں زندگی کے حقیقی مسائل، انسانی قدروں اور تہذیبی شعور کو تخلیقی دیانت کے ساتھ جگہ دے؛ نقاد اپنے مطالعے میں وسعت، فیصلوں میں اعتدال اور تجزیے میں غیر جانب داری پیدا کرے اور قاری ادب کو محض لفظی چاشنی کے بجائے فکری و تہذیبی بصیرت کے حصول کا ذریعہ سمجھے۔ یہی وہ طرزِ فکر ہے جس کے ذریعے ادب اپنی معنوی عظمت برقرار رکھ سکتا ہے اور تنقید اپنی علمی ذمہ داریوں سے عہدہ برآ ہو سکتی ہے۔ بالآخر یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ تنقید اور تہذیب کا رشتہ محض ادبی ضرورت نہیں بلکہ اجتماعی شعور کی بالیدگی کا بنیادی وسیلہ ہے۔ تنقید تہذیب کے آئینے میں ادب کا چہرہ دیکھتی ہے اور ادب کے توسط سے تہذیب کے ان گوشوں کو روشن کرتی ہے جو وقت کی گرد میں اوجھل ہو جاتے ہیں۔ جس معاشرے میں تنقید کا شعور زندہ ہو، وہاں ادبی اقدار کے ساتھ تہذیبی اقدار کا محاسبہ بھی جاری رہتا ہے؛ اور جہاں یہ محاسبہ مفقود ہو جائے، وہاں فکری جمود اور ادبی انحطاط کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ اس لیے ادب کی حقیقی سربلندی، تنقید کی علمی بالیدگی اور تہذیب کی صحت مند نشوونما کے لیے ضروری ہے کہ ان تینوں کے باہمی ارتباط کو محض نظری بحث نہ سمجھا جائے، بلکہ اسے ایک زندہ فکری روایت کے طور پر فروغ دیا جائے۔





