
110کروڑ روپے کے ریلوے اوور برج کی منظوری پر اظہارِ تشکر، سنگِ بنیاد کی تقریب میں شرکت کی دعوت دی
لکھنؤ (پریس ریلیز): اتر پردیش کے سابق کارگزار وزیر اعلیٰ اور آل انڈیا مائنارٹیز فورم فار ڈیموکریسی کے قومی صدر ڈاکٹر عمار رضوی نے مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ سے ان کی رہائش گاہ 17، اکبر روڈ، نئی دہلی پر ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے وزیر دفاع کو دیوالی کی مبارک باد پیش کی اور ملک کو خود کفالت کی راہ پر آگے بڑھانے کی کوششوں پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ملاقات کے دوران سیتاپور سمیت اتر پردیش کی ترقی سے متعلق مختلف اہم امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ڈاکٹر رضوی نے بتایا کہ ان کی درخواست پر مرکزی وزیر برائے سڑک ٹرانسپورٹ و شاہراہ نتن گڈکری نے لکھنؤ سے محمودآباد روڈ پر 110 کروڑ روپے کی لاگت سے ریلوے اوور برج کی تعمیر کو منظوری دی ہے۔ انہوں نے اس اہم منصوبے کی منظوری پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے وزیر دفاع راجناتھ سنگھ سے اس کے سنگِ بنیاد کی تقریب میں شرکت کے لیے آنے کی درخواست کی۔
ڈاکٹر عمار رضوی نے اگنی ویروں کو ہندوستانی فوج میں مستقل ملازمت فراہم کرنے سے متعلق اعلان اور اس سلسلے میں وزارت دفاع کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کو قابلِ ستائش قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کو مبارک باد پیش کی۔
ملاقات میں ملک کی خود کفالت، قومی سلامتی، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور نوجوانوں کے مستقبل سے متعلق امور پر بھی تبادلۂ خیال ہوا۔ ڈاکٹر عمار رضوی نے سیتاپور سمیت اتر پردیش کی ترقی سے وابستہ عوامی مسائل کو حکومت کے سامنے پیش کرنے اور ان کے حل کے لیے مسلسل کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔یہ اطلاع آل انڈیا مائنارٹیز فورم فار ڈیموکریسی کے شعبۂ نشر و اشاعت کے سکریٹری ابوشحمہ انصاری نے فراہم کی۔




