
آل انڈیا مائنارٹیز فورم فار ڈیموکریسی کا نائب وزیر اعلیٰ کو یاددہانی مکتوب
بارہ بنکی: (پریس ریلیز) آل انڈیا مائنارٹیز فورم فار ڈیموکریسی نے گرام پنچایتوں، نگر پنچایتوں، نگر پالیکا پریشدوں اور نگر نگموں کی دستیاب اراضی پر مستقل عوامی شادی گھروں اور کمیونٹی ہالوں کی تعمیر کا مطالبہ ایک بار پھر اٹھاتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ اترپردیش کیشو پرساد موریہ کی توجہ اس اہم عوامی ضرورت کی جانب مبذول کرائی ہے۔
فورم کے سیکریٹری نشر و اشاعت ابوشحمہ انصاری نے نائب وزیر اعلیٰ کو ارسال کردہ یاددہانی مکتوب میں کہا کہ آبادی میں مسلسل اضافے اور زمین کی محدود دستیابی کے باعث غریب اور اقتصادی طور پر کمزور خاندانوں کو شادی بیاہ اور دیگر سماجی تقریبات کے انعقاد میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ایسی صورتِ حال میں ضروری ہے کہ ہر گرام پنچایت، نگر پنچایت، نگر پالیکا پریشد اور نگر نگم کی دستیاب اراضی پر مستقل عوامی شادی گھر یا کمیونٹی ہال تعمیر کیے جائیں، تاکہ مقامی لوگوں کو تقریبات کے انعقاد کے لیے مناسب جگہ میسر آسکے۔
مکتوب میں اس بات کا بھی ذکر کیا گیا ہے کہ اس سلسلے میں اس سے قبل نائب وزیر اعلیٰ کو درخواست ارسال کی جا چکی ہے، جس کے ساتھ فورم کے قومی صدر ڈاکٹر عمار رضوی کا 9 مارچ 2026 کا مکتوب بھی منسلک کیا گیا تھا۔ ڈاکٹر رضوی نے اپنے خط میں عوامی شادی گھروں کی تعمیر کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس سہولت سے کم آمدنی والے خاندانوں کو شادی بیاہ اور دیگر تقریبات کے لیے مناسب مقام دستیاب ہوگا اور ان پر پڑنے والے مالی بوجھ میں بھی کمی آئے گی۔
ابوشحمہ انصاری نے کہا کہ عوامی شادی گھر کسی مخصوص مذہب، برادری یا طبقے کے لیے نہیں بلکہ تمام مذاہب اور تمام طبقات کے عوام کے مشترکہ استعمال کے لیے ہونے چاہئیں۔ اس سے غریب، متوسط اور اقتصادی طور پر کمزور خاندانوں کو مہنگے نجی مقامات کے اخراجات سے بڑی حد تک راحت مل سکتی ہے۔
اترپردیش حکومت کے ترقیاتی اور فلاحی اقدامات کو قابلِ ستائش قرار دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سڑک، بجلی، تعلیم، صحت اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ عوامی شادی گھروں کا قیام بھی عوام کی ایک اہم ضرورت ہے۔ یہ اقدام مرکزی حکومت کے ’’سب کا ساتھ، سب کا وکاس، سب کا وشواس‘‘ کے جذبے کی عکاسی کرنے کے ساتھ سماجی مساوات، باہمی تعاون اور ہم آہنگی کے فروغ میں بھی معاون ثابت ہوگا۔
فورم نے نائب وزیر اعلیٰ سے اپیل کی ہے کہ اس عوامی مفاد کی تجویز پر ہمدردانہ غور کرتے ہوئے متعلقہ محکموں اور افسران کو ضروری ہدایات جاری کی جائیں، تاکہ ریاست کے دیہی و شہری علاقوں میں مستقل عوامی شادی گھروں کی تعمیر کے لیے عملی اقدامات شروع ہو سکیں۔ امید ظاہر کی گئی ہے کہ حکومت اس اہم عوامی ضرورت کو ترجیح دیتے ہوئے مثبت فیصلہ کرے گی۔
آل انڈیا مائنارٹیز فورم فار ڈیموکریسی قومی صدر ڈاکٹر عمار رضوی کی سرپرستی اور رہنمائی میں اقلیتوں کے حقوق، ان کے مسائل اور فلاح و بہبود کے ساتھ ساتھ تمام طبقات کے عوام سے وابستہ بنیادی ضروریات اور اہم سماجی و عوامی معاملات کو بھی مسلسل حکومت کے سامنے مؤثر انداز میں پیش کرتا رہا ہے۔ فورم کا مقصد سماجی ہم آہنگی، مساوی مواقع اور عوامی فلاح کے فروغ کے لیے سنجیدہ اور مثبت کوششیں جاری رکھنا ہے۔یہ پریس ریلیز آل انڈیا مائنارٹیز فورم فار ڈیموکریسی کے شعبۂ نشر و اشاعت کی جانب سے جاری کی گئی۔




