✍️آصف جمیل امجدی
دنیا میں ہمیشہ ایسے نظریات اور افکار کی تلاش رہی ہے جو انسانیت کو امن، محبت، اور سکون فراہم کریں۔ تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی انسانیت ظلم و جبر، نفرت اور بے سکونی کا شکار ہوئی، اللہ تعالیٰ نے اپنی رحمت سے انبیاء علیہم السلام کے ذریعے ہدایت اور امن کا پیغام بھیجا۔ انہی انبیاء میں سب سے آخری اور کامل ترین نبی حضرت محمد ﷺ ہیں، جنہوں نے اسلام کا پیغام انسانیت تک پہنچایا۔
اسلام کا مفہوم:-
اسلام کا مطلب ہی "سلامتی” اور "امن” ہے۔ یہ دین تمام انسانوں کو بلا تفریق مذہب، رنگ، اور نسل امن اور محبت کا درس دیتا ہے۔ قرآن مقدس میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:
"وَجَعَلْنَاكُمْ شُعُوبًا وَقَبَائِلَ لِتَعَارَفُوا إِنَّ أَكْرَمَكُمْ عِندَ اللَّهِ أَتْقَاكُمْ”
(الحجرات: 13)
ترجمہ: "ہم نے تمہیں قوموں اور قبیلوں میں تقسیم کیا تاکہ تم ایک دوسرے کو پہچانو، اور تم میں سب سے زیادہ عزت والا وہ ہے جو زیادہ متقی ہے۔”
یہ آیت اس بات کی دلیل ہے کہ اسلام تفریق کی بجائے اتحاد اور محبت کا داعی ہے۔
نبی اکرم ﷺ کا امن کا پیغام:-
حضور رحمت عالم ﷺ کی زندگی امن اور محبت کی اعلیٰ مثال ہے۔ مکہ مکرمہ کے کفاروں کے ظلم و ستم کے باوجود آپ ﷺ نے کبھی ان سےانتقام نہیں لیا بلکہ معاف کرنے کا درس دیا۔ فتح مکہ کے موقع پر آپ ﷺ نے اپنے جانی دشمنوں کو بھی معاف کرتے ہوئے فرمایا:
"لا تثریب عليكم اليوم، اذهبوا فأنتم الطلقاء”
(آج تم پر کوئی گرفت نہیں، جاؤ تم سب آزاد ہو۔)
یہ عظیم الشان کردار کسی بھی انسان کے دل کو نرم کرنے کے لیے کافی ہے۔
اسلام میں محبت کی تعلیم:-
اسلام نے محبت کو ایمان کا حصہ قرار دیا ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
"لَا يُؤْمِنُ أَحَدُكُمْ حَتَّى يُحِبَّ لِأَخِيهِ مَا يُحِبُّ لِنَفْسِهِ”
(صحیح بخاری)
ترجمہ: "تم میں سے کوئی اس وقت تک مومن نہیں ہو سکتا جب تک وہ اپنے بھائی کے لیے وہی پسند نہ کرے جو اپنے لیے پسند کرتا ہے۔”
یہ تعلیم معاشرتی محبت اور ہم آہنگی کا سب سے بڑا ذریعہ ہے۔
محبت اور امن کے عملی مظاہر:-
اسلامی تاریخ میں مسلمانوں نے ہمیشہ امن اور محبت کا مظاہرہ کیا ہے۔ خلیفہ دوم حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ نے بیت المقدس فتح کیا تو وہاں کے عیسائیوں کو مکمل تحفظ فراہم کیا اور ان کی عبادت گاہوں کو محفوظ رکھا۔ اسی طرح سلطان صلاح الدین ایوبی نے صلیبی جنگوں میں بھی اپنے دشمنوں کے ساتھ عفو و درگزر کا مظاہرہ کیا۔
اسلام کا پیغام تمام انسانیت کے لیے امن، محبت، اور سکون کا ذریعہ ہے۔ آج کے دور میں جہاں نفرت اور تعصب نے انسانیت کو تقسیم کر رکھا ہے، اسلام کی تعلیمات انسانوں کو جوڑنے اور ان کے درمیان محبت پیدا کرنے کا سب سے مؤثر ذریعہ ہیں۔ ہمیں چاہیے کہ ہم اسلام کی ان خوبیوں کو غیر مسلموں تک پہنچائیں تاکہ وہ بھی اس دین کی رحمتوں سے مستفید ہو سکیں۔