مدرسہ عالیہ فرقانیہ میں اب انگلش میڈیم کی سہولت بھی دستیاب: احمد سعید حرف
غریب اور یتیم طلبہ کو کتابیں فراہم کرانا میری ذمہ داری: عاقل راجہ
بارہ بنکی (ابوشحمہ انصاری) تعلیم اور تہذیب کا تعلق ایسے ہے جیسے جسم اور روح۔ اگر انسان کے پاس تعلیم نہیں ہے تو اس کے پاس تہذیب بھی نہیں ہو سکتی۔

مذکورہ خیالات کا اظہار مہمانِ خصوصی ڈاکٹر ریاض الدین، منیجنگ ڈائریکٹر فاطمہ ہاسپٹل، فتح پور نے مدرسہ عالیہ فرقانیہ کے رزلٹ کارڈ تقسیم پروگرام میں کیا۔
انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ تعلیم کے بغیر کوئی کامیابی حاصل نہیں کی جا سکتی، اس لیے تمام طلبہ کو محنت اور لگن سے پڑھنا چاہیے۔
تعلیم کو عام کرنے کی ضرورت:
پروگرام کی صدارت کر رہے مدرسہ کے صدر، محمد عاقل راجہ نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ کوئی بچہ تعلیم سے محروم نہ رہے، ہر فرد کو کوشش کرنی چاہیے کہ محلے کے بچوں کو مدرسہ یا اسکول میں داخل کرایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا، مدرسہ عالیہ فرقانیہ کے غریب اور یتیم بچوں کو کتابیں فراہم کرانا میری ذمہ داری ہے۔
پروگرام کے سرپرست ایڈووکیٹ محمد اسلم نے بچوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو طلبہ محنت سے تعلیم حاصل کرتے ہیں، ان کی کامیابی یقینی ہوتی ہے۔
مدرسہ کے منیجر ایڈووکیٹ احمد سعید حرف نے بتایا کہ اب تک مدرسہ عالیہ فرقانیہ میں بچے اردو اور ہندی میڈیم میں پڑھتے تھے، لیکن اب انگلش میڈیم کی سہولت بھی دستیاب کر دی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بچوں کی معیاری تعلیم کے لیے بہتر اساتذہ، جدید کلاس رومز، اور کھیلوں کے سامان سمیت کئی سہولیات میں اضافہ کیا گیا ہے۔
پروگرام کی نظامت پرنسپل علی اشہد نے کی، جبکہ اس کا آغاز مدرسہ کے استاد حافظ محمد وقار کی تلاوتِ قرآنِ مجید سے ہوا۔
مدرسہ عالیہ فرقانیہ میں اپنے اپنے درجات میں اول، دوم اور سوم پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو مہمانِ خصوصی ڈاکٹر ریاض الدین، صدرِ پروگرام محمد عاقل راجہ، اور سرپرستِ پروگرام ایڈووکیٹ محمد اسلم نے میڈلز سے نوازا۔
اس موقع پر اساتذہ مسکان خان، مہک خان، محمد جنید، معراج احمد سمیت متعدد طلبہ بھی موجود رہے۔