ہر مسجد سے اٹھے گاجمعیۃ علماء شہر اور مجلس تحفظ ختم نبوت کانپور کے زیر اہتمام 28 مئی سے6 جون تک شہر کی مختلف مساجد میں فضائل و مسائل قربانی عشرہ کا انعقاد
کانپور(محمد عثمان قریشی) ہر سال کی طرح اس سال بھی جمعیۃ علماء شہر اور مجلس تحفظ ختم نبوت کانپور کے زیر اہتمام عیدالاضحی کے موقع پر شہر بھر کی مختلف مساجد و دینی مراکز میں دس روزہ دینی و اصلاحی پروگراموں کا مبارک سلسلہ بعنوان ”فضائل و مسائل قربانی عشرہ” منعقد کیا جا رہا ہے، جس کا آغاز بدھ 28 مئی 2025 مطابق 29 ذی القعدہ 1446ھ سے ہوگا اور یہ سلسلہ 9 ذی الحجہ 1446ھ مطابق 6 جون 2025 تک جاری رہے گا۔
یہ عشرہ ڈاکٹر حلیم اللہ خان صدر جمعیۃ علماء شہر کانپور کی سرپرستی اور مفتی عبدالرشید قاسمی مفتی شہر کانپور و صدر محکمہ شرعیہ و دارالقضاء کانپور کی صدارت میں منعقد ہو رہا ہے۔
اس کی اطلاع دیتے ہوئے عشرہ کے روح رواں مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی نائب صدر جمعیۃ علماء اترپردیش نے بتلایا کہ یہ دینی و فکری نشستیں قربانی جیسے عظیم شعیرہ کی اصل روح کو عام کرنے، اس کے فضائل و مسائل کو درست انداز میں سمجھانے اور اس پر ہونے والے عصری اعتراضات کے مدلل جوابات فراہم کرنے کے لیے ترتیب دی گئی ہیں۔
اس کے ساتھ ساتھ ان مجالس میں سنت ابراہیمی کی عظمت، قربانی کی حکمت، شریعت کے مقرر کردہ اصول، حج کے ارکان و آداب، خواتین سے متعلق ضروری مسائل، اور امت کو شعائر اسلامی سے جڑے رکھنے کی عملی تدابیر جیسے موضوعات پر شہر کے جید علمائے کرام، مفتیانِ عظام اور اصلاحی و تعلیمی میدان میں سرگرم خواتین کی رہنمائی عوام الناس کو حاصل ہوگی۔
مولانا نے کہا کہ یہ پروگرام نہ صرف معلوماتی ہوں گے بلکہ اصلاحی اور فکری بیداری کا ذریعہ بھی بنیں گے۔ ان کا مقصد عوام کو محض قربانی کے فنی مسائل سکھانا نہیں، بلکہ انہیں اس عبادت کی اصل روح یعنی اخلاص، تسلیم و رضا، ایثار و قربانی، اور سنتِ نبویؐ سے جڑنے کا سلیقہ سکھانا بھی ہے۔
جمعیۃ علماء شہر کانپور اور مجلس تحفظ ختم نبوت کانپور کی جانب سے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس دینی و تربیتی مہم میں بھرپور شرکت کریں، ان علمی مجالس کو سنیں، سمجھیں، اور اپنے عمل کو شعائرِ اسلامی کے مطابق ڈھالیں۔ ان دس دنوں میں ہونے والے پروگراموں کی تفصیلی فہرست (مقامات، مقررین، اور اوقات) جلد ہی منظر عام پر لائی جائے گی۔