
نیمسارنیہ کی ترقی، سیتاپور کے ترقیاتی منصوبوں، عالمی تحقیقی مرکز اور سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگو
لکھنؤ (پریس ریلیز/ابوشحمہ انصاری)سابق کارگزار وزیر اعلیٰ اور آل انڈیا مائناریٹیز فورم فار ڈیموکریسی کے قومی صدر ڈاکٹر عمار رضوی نے نئی دہلی میں وزیر اعظم کے سابق پرنسپل سیکریٹری اور شری رام جنم بھومی تیرتھ ٹرسٹ کی مندر تعمیر کمیٹی کے چیئرمین نریپیندر مشرا اور حکومتِ ہند کے مرکزی وزیر برائے فوڈ پروسیسنگ انڈسٹریز چراغ پاسوان سے الگ الگ اہم ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں ملک، ریاست اتر پردیش اور ضلع سیتاپور کی ترقی سے متعلق مختلف اہم امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ڈاکٹر عمار رضوی نے نریپیندر مشرا سے ملاقات کے دوران ایودھیا میں شری رام جنم بھومی کے 14 کوسی پریکرما مارگ کی تعمیر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کا سنگ بنیاد جو 1983 میں نصب کیا گیا تھا، توسیعی کام کے دوران گم ہوگیا ہے، لہٰذا اگر وہ دستیاب نہ ہو تو اسی مقام پر نیا سنگِ بنیاد نصب کیا جانا چاہیے۔
ملاقات میں نیمسارنیہ کی ترقی اور وہاں عالمی معیار کے تحقیقی مرکز “نیمسارنیہ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ فار اینشینٹ انڈین لینگویجز اینڈ کلچر” کے قیام پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ڈاکٹر رضوی نے کہا کہ نیمسارنیہ وہ تاریخی مقام ہے جہاں وید، پران اور اپنشدوں پر طویل عرصے تک علمی غور و فکر کیا گیا۔
انہوں نے محمود آباد میں قائم “مولانا آزاد انسٹی ٹیوٹ آف ہیومینٹیز، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی” کے احاطے میں عالمی امن مرکز کے قیام کا بھی ذکر کیا، جس میں رکن اسمبلی آشا موریہ اور راجیہ سبھا رکن سنجے سیٹھ کے تعاون کو سراہا گیا، اور نریپیندر مشرا کو وہاں آنے کی دعوت دی گئی۔ اس کے علاوہ ضلع سیتاپور کو چترکوٹ کی طرز پر کمشنری کا درجہ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔
اس موقع پر نریپیندر مشرا نے ڈاکٹر عمار رضوی کو بھارت کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لعل نہرو کی رہائش گاہ اور وزیر اعظم میوزیم کا دورہ بھی کرایا، جس پر ڈاکٹر رضوی نے ان کا دلی شکریہ ادا کیا۔
ڈاکٹر عمار رضوی نے مرکزی وزیر چراغ پاسوان سے ملاقات کے دوران سیتاپور میں فوڈ پروسیسنگ اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کے آغاز کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہیں ضلع کے دورے کی دعوت دی۔ ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال، نوجوان قیادت کے کردار اور عوامی مسائل کے حل پر بھی گفتگو ہوئی۔
ڈاکٹر رضوی نے کہا کہ چراغ پاسوان ایک تعلیم یافتہ، باصلاحیت اور سنجیدہ نوجوان سیاست دان ہیں، جبکہ نریپیندر مشرا ایک نہایت ایماندار، علمی اور فرض شناس شخصیت ہیں جن کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔یہ اطلاع آل انڈیا مائناریٹیز فورم فار ڈیموکریسی کے شعبہ نشر و اشاعت کے سیکریٹری ابوشحمہ انصاری نے فراہم کی۔



