کانپور (محمد عثمان قریشی) انجمن فروغ سنت کانپور کے زیر اہتمام 47 سالہ قدیمی اجلاس "سیرت صحابہ” امسال 6,7 جمادی الآخر 1446ہجری مطابق 7،8 دسمبر 2024 بروز سنیچر ، اتوار بعد عشاء قاضی شہر کانپور حافظ معمور احمد جامعی کی زیر صدارت منعقد ہوں گے۔ اجلاس کے کنوینر مولانا منصور احمد قاسمی نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ اجلاس کی تیاریاں آخری مراحل میں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں خطاب فرمانے کیلئے دارالعلوم دیوبند کے نائب مہتمم مولانا مفتی محمد راشد اعظمی ، نائب أمیر الہند مولانا مفتی سید محمد سلمان منصورپوری استاذ حدیث دارالعلوم دیوبند ، مدرسہ فاروقیہ کاکوری لکھنؤ کے مہتمم مولانا عبدالعلی فاروقی، مدرسہ معہد ملت مالیگاؤں کے مہتمم مولانا عمرین محفوظ رحمانی سکریٹری مسلم پرسنل لاء بورڈ کے علاوہ ملک کے دیگر اکابر علمائے کرام تشریف لا رہے ہیں ۔ اس کے علاوہ قاری خوش الحان قاری اصحاب الحق بنگال، مداح خیرالانام مولانا قاری محمد عمران قاسمی مرادآبادی نعت و منقبت کا نذرانہ عقیدت پیش کریں گے۔ انجمن فروغ سنت کے جنرل سیکرٹری مفتی اقبال احمد قاسمی نے اجلاس کے مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ امت مسلمہ کو نبی علیہ السلام اور آپ کے صحابہ کے بلند مقام اور ان کے فضائل و کمالات کے تذکرہ کے علاوہ مسلمانوں میں پھیلی غلط رسومات اور نت نئی گمراہیوں سے آگاہ کرنا اور سنت و صراط مستقیم پر چلنے کیلئے آمادہ کرنا ہے۔ معتبر علماء کرام کے ذریعۂ پورے دین پر روشنی ڈالی جاتی ہے ۔ خواتین کو بھی پردہ کے ساتھ شرکت کا موقع ہوتا ہے ، شب کے جلسوں کے علاوہ دن میں خواتین کی خصوصی نشست بھی منعقد ہوتی ہے، جو امسال 7 جمادی الآخر مطابق 8 دسمبر بروز اتوار دوپہر دو بجے دن میں ہوگی۔ آخر میں کنوینر مولانا منصور احمد قاسمی اور انجمن کے جنرل سکریٹری مفتی اقبال احمد قاسمی نے شہر کے عوام و خواص سے اس اہم دو روزہ مرکزی اجلاس میں شرکت کرنے کے ساتھ ہی خواتین کے اجلاس میں اپنے گھروں کی خواتین کو زیادہ سے زیادہ تعداد میں پہنچانے کی اپیل کی ۔