جو طلباء خود اعتمادی کے ساتھ مسلسل محنت کرتے ہیں وہ ضرور کامیاب ہوتے ہیں: ڈاکٹر داؤد احمد
جے. آر. ایف کوالیفائیڈ طالبہ علیشا رضوی اور نیٹ کوالیفائیڈ طالبہ بشریٰ خاتون کو شیلڈ سے نوازا گیا
طالب علم نور علی تقریری مقابلے میں اول اور امیر حمزہ غزل کے مقابلے میں اول رہے
بارہ بنکی(ابوشحمہ انصاری) محمود آباد میں طلباء کے چہروں پر خوشی دیکھنا چاہتی ہوں اور یہ خوشی طلباء کے چہروں پر تب آتی ہے جب وہ کسی بھی امتحان یا مقابلے میں کامیاب ہوتے ہیں۔ مذکورہ خیالات کا اظہار پرنسپل ڈاکٹر سیما سنگھ نے فخرالدین علی احمد گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج محمود آباد ضلع سیتاپور کے شعبہ اردو کے زیر اہتمام تقریری و غزل کے مقابلے کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ طلباء میں خود اعتمادی ہونا چاہیے، اپنے آپ پر یقین ہو تو کامیابی ضرور ملتی ہے۔
شعبہ اردو کے صدر ڈاکٹر داؤد احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ جو طلبہ مسلسل محنت کرتے ہیں وہ یقیناً کامیاب ہوتے ہیں۔ شعبہ اردو اور کالج کی جانب سے، میں JRF اور NET کوالیفائیڈ طالبات علیشا رضوی اور بشریٰ خاتون کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔
علیشا رضوی اس وقت خواجہ معین الدین چشتی لسان یونیورسٹی، لکھنؤ میں بطور ریسرچ اسکالر پی ایچ ڈی کر رہی ہیں۔ ڈاکٹر منتظر قائمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ علیشا رضوی اور بشریٰ خاتون بہت ہونہار طالبات ہیں۔ ان کی خود اعتمادیکو دیکھ کر دیگر طلبہ میں بھی جوش و جذبہ بیدار ہوگا۔
ڈاکٹر سنجیو اگروال نے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا پیغام دینے والا نغمہ پیش کیا۔ شعبہ اردو کے زیر اہتمام تقریری مقابلے میں نور علی نے اول ، امیر حمزہ نے دوم اور ثنا بانو نے سوم پوزیشن حاصل کی جبکہ غزل کے مقابلے میں امیر حمزہ نے اول ، نور علی نے دوم اور مریم نے سوم پوزیشن حاصل کی۔
مقابلوں کے فیصل پروفیسر امیہ کمار اور ڈاکٹر آر پی سنگھ تھے۔ تقریب کی نظامت سابق طالب علم احمد سعید حرف نے کی۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر سنت رام سنگھ، ڈاکٹر رویش کمار وغیرہ موجود رہے۔