
خلائی سائنس اور راکٹ ٹیکنالوجی میں غیر معمولی کامیابیوں پر مبارکباد،جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کے لیے عالمی رہنماؤں کو متحد کرنے پر زور
لکھنؤ: (پریس ریلیز) اتر پردیش کے سابق کارگزار وزیر اعلیٰ اور آرگنائزیشن فار نیوکلیئر ڈس آرمامنٹ، ورلڈ پیس اینڈ انوائرمنٹ کے صدر ڈاکٹر عمار رضوی نے عالمی شہرت یافتہ صنعت کار اور سائنسی اختراعات کے سرخیل ایلون مسک کو مکتوب ارسال کرکے خلائی سائنس اور خلائی ٹیکنالوجی کے میدان میں ان کی غیر معمولی کامیابیوں، بالخصوص دوبارہ استعمال کیے جانے والے خلائی جہازوں اور راکٹ ٹیکنالوجی کی ترقی پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے ان کامیابیوں کو سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں انسانیت کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے ایلون مسک کی کوششوں کو سراہا ہے۔
ڈاکٹر عمار رضوی نے اپنے مکتوب میں ایلون مسک سے انسانیت کی بھلائی کے لیے ایک اور عظیم مشن کی ذمہ داری اٹھانے کی پرزور اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایلون مسک اپنے اثر و رسوخ، وسائل، بین الاقوامی روابط اور عالمی شہرت کا استعمال عالمی امن اور مکمل جوہری تخفیفِ اسلحہ کے مقصد کو آگے بڑھانے کے لیے کریں۔ انہوں نے خاص طور پر دنیا کے سربراہانِ مملکت اور حکومتوں کے قائدین، بالخصوص جوہری ہتھیار رکھنے والے ممالک کے رہنماؤں کو اس بات پر آمادہ کرنے کی اپیل کی کہ وہ جوہری ہتھیاروں کی تیاری اور پیداوار فوری طور پر بند کریں اور اپنے موجودہ جوہری ہتھیاروں کے ذخیرے کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے ٹھوس، مؤثر اور قابلِ تصدیق اقدامات کریں۔
ڈاکٹر رضوی نے کہا کہ جوہری ہتھیاروں کی تیاری، دیکھ بھال اور جدید کاری پر دنیا کے ممالک خطیر رقم خرچ کر رہے ہیں۔ اگر ان وسائل کو اسپتالوں، اسکولوں، یونیورسٹیوں، سائنسی تحقیق، غربت کے خاتمے، ماحولیاتی تحفظ اور ضرورت مند افراد کی فلاح و بہبود پر خرچ کیا جائے تو دنیا میں وسیع پیمانے پر مثبت تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔ انسانیت کی حقیقی ترقی ہتھیاروں کے ذخیرے بڑھانے میں نہیں، بلکہ انسانوں کی زندگی کو محفوظ، خوشحال اور بہتر بنانے میں مضمر ہے۔
مشرقِ وسطیٰ سمیت دنیا کے مختلف خطوں میں جاری تنازعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر رضوی نے کہا کہ جنگوں اور بین الاقوامی کشیدگی کے اثرات صرف متعلقہ ممالک تک محدود نہیں رہتے، بلکہ پوری دنیا کی معیشت متاثر ہوتی ہے۔ خاص طور پر غریب اور ترقی پذیر ممالک کو ان کے سب سے زیادہ معاشی اور انسانی نقصانات برداشت کرنے پڑتے ہیں۔ ایسے حالات میں عالمی برادری کو باہمی اختلافات سے بالاتر ہوکر امن، مذاکرات اور تعاون کا راستہ اختیار کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں دنیا کو ایسے دوراندیش اور بااثر شخصیات کی ضرورت ہے جو سیاسی، جغرافیائی اور نظریاتی اختلافات سے اوپر اٹھ کر انسانیت کے مشترکہ مستقبل کے لیے کام کر سکیں۔ ایلون مسک اپنی سائنسی کامیابیوں، تکنیکی صلاحیتوں اور عالمی اثر و رسوخ کے ذریعے عالمی امن اور جوہری تخفیفِ اسلحہ کی کوششوں میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
ڈاکٹر عمار رضوی نے ایلون مسک سے اپیل کی کہ وہ دنیا کے رہنماؤں، سائنس دانوں، دانش وروں، سماجی تنظیموں اور انسانی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے والے اداروں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرکے عالمی امن، جوہری تخفیفِ اسلحہ اور انسانی بہبود کے لیے ایک وسیع بین الاقوامی مہم کو فروغ دیں، تاکہ آنے والی نسلوں کو جنگ اور جوہری تباہی کے خوف سے آزاد ایک محفوظ مستقبل فراہم کیا جا سکے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایلون مسک کی کامیابیوں کا دائرہ صرف انسان کو خلا کی نئی بلندیوں تک پہنچانے تک محدود نہیں رہے گا، بلکہ وہ زمین پر بھی ایک محفوظ، پُرامن اور جوہری تباہی کے خوف سے آزاد دنیا کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ ڈاکٹر رضوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ خلا کی تسخیر کے لیے خلائی جہاز ضرور بنائے جائیں، لیکن اس کے ساتھ ایسی دنیا کی تعمیر بھی ضروری ہے جہاں ہر انسان جوہری تباہی، بھوک اور جنگ کے خوف سے آزاد ہوکر عزت و وقار اور امن و سکون کے ساتھ زندگی گزار سکے۔یہ اطلاع آل انڈیا ماٸنا ریٹیز فورم فار ڈیمو کریسی کے شعبہ نشرواشاعت کے سیکریٹری ابوشحمہ انصاری نے فراہم کی۔



